0
Saturday 26 Jan 2013 12:20

جے پور ادبی میلے میں پاکستانی سفارتکاروں کو اجازت نہیں ملی

جے پور ادبی میلے میں پاکستانی سفارتکاروں کو اجازت نہیں ملی
اسلام ٹائمز۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات دو پاکستانی سفارتکار جے پور کے ادبی میلے میں شریک ہونا چاہتے تھے لیکن بھارتی حکومت نے انہیں اجازت نہیں دی، اس سے قبل بھارت میں موجود پاکستانی کھلاڑیوں اور فنکاروں کو واپس بھیج دیا گيا تھا اور ان کے تمام پروگرام منسوخ کر دیےگئے تھے، دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارتخانے کے دو افسر جے پور کے ادبی میلے میں شریک ہونا چاہتے تھے لیکن انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی، ذرائع کا کہنا تھا کہ سفر کرنے سے پہلے وزارت خارجہ سے اس کی اجازت لینی ہوتی ہے، اس کے لیے کئی روز پہلے درخواست دی گئی تھی لیکن جب ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا تو ہمارے سیاسی امور کے سیکرٹری نے ان سے بات بھی کی لیکن تب بھی کوئی جواب نہیں دیا گيا۔

کمیشن کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ چونکہ ادبی میلے میں پاکستان کے کئی ادیب آئے ہیں، اس لیے دو سفارتکار بھی اس میں شرکت کے متمنی تھے لیکن بھارت کی جانب سے سرد مہری کے سبب وہ جے پور نا جا سکے، جمعرات کو ادبی میلے کے افتتاحی دن کو ہی پاکستانی ادیبوں کو خطاب کی دعوت دی گئي تھی، خطاب کرنے والوں میں جمیل احمد، امینہ سیّد اور مشرف علی فاروقی شامل تھے، آغاز میں پاکستانی مصنف محمد حنیف کو بھی سیشن سے خطاب کرنا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے اور اس کی وجوہات واضح نہیں ہیں، اطلاعات کے مطابق پاکستانی مصنفین کو بھی بھارت نے آخری وقت میں ویزا جاری کیا تھا اور آنے سے محض ایک روز پہلے انہیں سفری دستاویز سونپی گئی تھیں۔ 

بھارتی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے سالانہ ادبی میلے میں پاکستانی مصنفین کی موجودگی کے سبب سخت سکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے، بھارتی جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی سخت گیر ہندو جماعتیں اس ادبی میلے میں پاکستانی ادیبوں کی شرکت کے خلاف ہیں اور انہوں نے میلے میں پاکستانی مصنفین کی شرکت پر احتجاج بھی کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 234696
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش