0
Wednesday 30 Jan 2013 21:51

جے پور ادبی میلے میں آئے ہوئے پاکستانی مہمانوں کے ساتھ ناروا سلوک

جے پور ادبی میلے میں آئے ہوئے پاکستانی مہمانوں کے ساتھ ناروا سلوک
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست راجھستان کے شہر جے پور میں منعقد ہونے والے جے پور ادبی میلے میں شرکت کرنے والے پاکستانی طلباء اور ٹیچرز کے ایک وفد کا کہنا ہے بھارتی اہلکاروں نے ان کے ساتھ جو سلوک کیا ہے اس سے ان کا سفر بے مزہ رہا ہے، پاکستان کے شہر لاہور میں واقع فورمن کرسچن کالج کے تین طلباء اور دو پروفیسر جے پور میں منعقد ہونے والے ادبی میلے میں شرکت کے لیے آئے تھے لیکن ان کو یہ سفر نفیساتی اور معاشی طور پر کافی مہنگا پڑا، فورمین کالج کے شعبہ تاریخ کے پروفیسر ڈاکٹر یعقوب خان اور شعبہ سیاست کے پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین کے ساتھ ان کے تین طلباء علی ضياء جعفری، سرمد حسین اور ترہب اصغر جے پور ادبی میلے میں حصہ لینے کے لیے 24 تاریخ کی صبح واگہہ سرحد کے راستے بھارت پہنچے، ان افراد کے مطابق واگہہ سرحد پر موجود بھارتی اہلکاروں نے ان سے کہا آپ دہلی جانا چاہیں تو دہلی جائیں، جے پور جانا چاہیں تو جے پور آپ کو پوری آزادی ہے، یہ لوگ واگہہ سرحد سے ٹرین کے ذریعے جے پور آنے والے تھے لیکن آخری وقت میں اطلاع ملی کی ٹرین منسوخ ہوگئی ہے جس کے بعد انہیں دہلی آنا پڑا۔
 
اس کے بعد 25 تاریخ کو یہ لوگ ٹیکسی لے کر جے پور گئے، ان افراد کے مطابق جے پور میں ان کے ہوٹل میں تفتیشی ایجنسی سی آئی ڈی کا ایک اہلکار ان کے پاس آیا اور ان افراد کو فوراً رجسٹری آفس یعنی ( ایف آر آر او) لے گیا، وہاں ان افراد کو چھ گھنٹے تک روکا گیا اور چھ گھنٹے بعد کہا وہ غلطی سے یہاں آگئے ہیں، پاکستانی طلباء کے مطابق سی آئی ڈی کے اہلکاروں نے ان سے کہا کہ وہ واپس دہلی جائیں اور وہاں پہلے تھانے میں حاضری لگاکر پھر جے پور آئیں، اس کے بعد یہ پانچوں افراد ٹیکسی لے کر دہلی آئے اور دہلی کے آصف علی روڈ پر واقع اس دفتر گئے جہاں پاکستانی شہریوں کو آنے اور جانے کے وقت اپنی حاضری لگانی ہوتی ہے، یہاں موجود ایک اہلکار نے ان سے کہا کہ جے پور سے دہلی آنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی اور وہ آرام سے جے پور جاسکتے ہیں، لیکن معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔
 
اس کے بعد 26 تاریخ کو یہ افراد واپس جے پور گئے، جے پور پہنچنے کے بعد پھر سی آئی ڈی اہلکار ان کے پاس آیا اور واپس ایف آر ار او کے دفتر لے گیا، وہاں جاکر پھر سے پوری کاغذی کارروائی ہوئی، آخرکار یہ افراد ستائیس تاریخ کو بلاخر جے پور ادبی میلے میں شرکت کرنے پہنچے، ان کا کہنا تھا کہ نفسیاتی طور پر ہمیں پریشان کیا گیا اور جے پور سے دہلی اور دہلی سے جے پور کے چکر لگانے میں ان کا پیسہ، وقت سب برباد ہوا ہے، جب دونوں ممالک کے درمیان امن اور بہتر تعلقات کی بات کی جاتی تب یہ سب کیسے ممکن ہے، واضح رہے کہ پاکستامن سے آنے والے دیگر مہمانوں کے ساتھ بھی سلوک دوستانہ نہیں تھا۔
خبر کا کوڈ : 235970
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش