0
Friday 1 Feb 2013 15:57

شیعہ رہنما اقبال مسعود کے قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، ایم کیو ایم

شیعہ رہنما اقبال مسعود کے قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، ایم کیو ایم
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لانڈھی کے علاقے میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں معروف مذہبی رہنماء اقبال مسعود کے قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور قتل کی اس واردات کو شہر کا امن خراب کرنے کی گھناؤنی سازشوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ شہر میں دہشت گردی اور قتل و غارت گری کے افسوسناک واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں اور ہر روز دس سے پندرہ قیمتی انسانی جانوں کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ان افسوسناک واقعات میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنان اور عام شہری نشانہ بن رہے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قتل و غارت گری کے ان واقعات کے تسلسل سے یہ واضح ہوتا ہے کہ باقاعدہ سوچی سمجھی سازشوں کے تحت شہر کا امن و سکون خراب کرکے امن و امان کی صورتحال پیدا کی جارہی ہے اور معروف مذہبی رہنماء اقبال مسعود کا بہیمانہ قتل بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ثابت ہوتا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

رابطہ کمیٹی نے اقبال مسعود کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اقبال مسعود کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے معروف مذہبی رہنماء اقبال مسعود کے قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور شہرمیں قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری رکھنے والے اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی سازشوں میں ملوث درندہ صفت اور سفاک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق عبرت ناک سزا دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 236450
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش