0
Tuesday 12 Feb 2013 00:14

عزاداری عبادت اور آئینی حق ہے، ہمیں کسی پرمٹ یا لائسنس کی ضرورت نہیں، علامہ عارف واحدی

عزاداری عبادت اور آئینی حق ہے، ہمیں کسی پرمٹ یا لائسنس کی ضرورت نہیں، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے شہداء عزاداری کے چہلم کی مناسبت سے چنیوٹ کا دورہ کیا۔ اور علماء کرام و شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی۔ چہلم کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان عظیم شہداء کی قربانیاں اسلام اور قرآن کو سربلند کرنے کے لئے ہیں۔ یہ عزیز شہداء سالار کربلا کے مشن کے راہی ہیں۔ شہداء کے مقدس خون کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ دشمنان عزاداری سن لیں کہ ہم ان شہداء کے خون سے وفاداری کا عہد نبھاتے ہوئے عزاداری کے راستے میں حائل ہر رکاوٹ کو روند کر آگے بڑھتے رہیں گے، علم عباس (ع) نہ پہلے جھکا ہے نہ آئندہ جھکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن یہ سمجھتا ہے کہ خود کش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ سے ہمارے راستے روک سکتا ہے، لیکن ہماری ملت علامہ ساجد علی نقوی کے ساتھ چٹان کی طرح مضبوط کھڑی ہے۔ اور حسینی مشن کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔
 
علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ شیعہ علماء کونسل ہمیشہ ملت کے حقوق کے تحفظ کیلئے پیش پیش رہی ہے۔ ہم نے ہر جگہ ڈنکے کی چوٹ پہ اعلان کیا ہے کہ عزاداری ہماری عبادت ہے۔ یہ ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔ ہمیں اس کیلئے کسی پرمٹ یا لائسنس کی ضرورت نہیں، مگر ہم اس ملک کے محب وطن شہری ہیں، اس لئے نظم و ضبط قائم رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ریاستی ادارے دہشت گردی کے مقابلے میں نا کام ہو چکے ہیں، نہتے عوام کے قتل عام پر ریاستی اداروں اور عدلیہ کی خاموشی حیران کن ہے۔ کراچی سے لے کر خیبر تک جو گروپ شیعہ کے قتل عام میں ملوث ہیں وہی گروپ دیو بندیوں اور بریلویوں کی مسجدوں اور شخصیات، جی ایچ کیو، مہران ایئر بیس اور منہاس ایئر بیس جیسے سانحات میں بھی ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں۔ وطن عزیز کے دشمن ہیں مگر پاکستانی قوم حیران ہے کہ وہ کیا مصلحتیں ہیں کہ آج تک ایک دہشت گرد کو بھی تختہ دار پر نہیں لٹکایا گیا۔ پاکستان میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء اکٹھے ہیں اور کوئی فرقہ واریت نہیں۔ مگر ان دہشت گردوں کی پشت پر وہ کونسی قوتیں ہیں جو پاکستان کے امن و امان کو تہہ و بالا کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے ان کا قلع قمع کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 238932
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش