0
Sunday 24 Feb 2013 04:26

مولانافضل الرحمان کی جماعت اسلامی کے امیر منور حسن سے ملاقات، کل جماعتی کانفرنس کی دعوت

مولانافضل الرحمان کی جماعت اسلامی کے امیر منور حسن سے ملاقات، کل جماعتی کانفرنس کی دعوت
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے جمعیت کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سیدمنور حسن سے ملاقات کی اور انہیں 28فروری کوفاٹا میں قیام امن کیلئے اسلام آباد میں بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عطاءالرحمن، مولاناامجدخان، ریاض درانی اوربلال میر شامل تھے، ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق، ڈاکٹر محمد کمال، سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، خیبر پختونخواہ کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان محمدانور خان نیازی اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سید منورحسن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا منصورہ آمد پر خیر مقدم اور انہیں خوش آمدید کہتا ہوں۔
 
منصورہ میں مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ امن قائم کرنا حکومتوں کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے مگرموجودہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ قومی قیادت کا فرض ہے کہ وہ قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ قیام امن کیلئے طالبان سے فیصلہ کن مذاکرات کی ضرورت ہے ان کی پیشکش کو کمزوری سمجھنا اور اہمیت نہ دینا حکومتی بے حسی کی بدترین مثال ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ پاکستان کو بدامنی اور دہشت گردی کے بدترین حالات کا سامنا ہے اور دہشت گردی کے ان واقعات کا ذمہ دار ہمیشہ طالبان کو قرار دیا جاتا ہے، پوری قوم کی خواہش ہے کہ ملک ان حالات سے جلد از جلد چھٹکارا حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی اور دہشت گردی کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بے روزگاری اور توانائی کے بدترین بحرانوں نے جنم لیا اور عوام کو غربت نے گھیر رکھا ہے انہیں تعلیم و صحت کی سہولتیں میسر ہیں نہ دو وقت پیٹ بھر کر کھانے کو ملتا ہے۔ ان حالات میں ضروری ہے کے امن کی طرف بڑھا جائے اورمذاکرات کی دعوت کو کسی کی فتح و شکست کا نام دینے کی بجائے اس کام کو ملک وقوم کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے۔
 
انہوں نے مولانا فضل الرحمن کی قیام امن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرنے کا اعلان کیا اور نوازشریف سمیت دیگر قومی قیادت کی کانفرنس میں شرکت کی ضرورت پر زوردیا۔ ایک سوال کے جواب میں سید منور حسن نے کہا کہ ہم نے قائد حزب اختلاف چوہدری نثار احمد کو نگران وزیر اعظم کیلئے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کا نام دیدیا تھا اب ان کا کام ہے کہ وہ وزیراعظم سے مل کر جلدازجلد نگران سیٹ اپ کے قیام کو یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 242070
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش