0
Tuesday 26 Mar 2013 16:43
تسلیم کرنا ہوگا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں

جنگی قوانین کے تحت سزائیں دی جائیں تو ملک کے حالات ایک ماہ کے اندر ٹھیک ہوجائیں گے، علامہ افتخار نقوی

جنگی قوانین کے تحت سزائیں دی جائیں تو ملک کے حالات ایک ماہ کے اندر ٹھیک ہوجائیں گے، علامہ افتخار نقوی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور ملک کے معروف عالم دین علامہ سید افتخار حسین نقوی کا کہنا ہے کہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں۔ جب جنگی قوانین کے تحت سزائیں دی جائیں تو ایک ماہ میں ملک کے حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ خصوصی انٹرویو کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کو تسلیم ہی نہیں کیا گیا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، کبھی کہہ دیا گیا کہ فرقہ واریت ہے، کبھی کہا گیا کہ دشمن کی سازش ہے۔ اسی طرح ٹال مٹول کرتے رہے۔ اور پانچ سال گزار دیئے۔ حیرانگی ہے اور ڈھٹائی کی انتہاء ہے کہ رحمان ملک صاحب کہتے ہیں کہ ہم ایک پرامن ملک دے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو معلوم ہے کہ ملک میں امن و امن کی صورتحال کیسی ہے لیکن وہ اس ڈھٹائی کیساتھ یہ بات کہہ کر جا رہا ہے، لیکن کوئی اس سے پوچھنے والا نہیں ہے۔ لگتا ایسا ہے کہ ان مجرموں کے سر پر اس کا ہاتھ تھا یا وہ شریک جرم تھا۔ 

انہوں نے کہا کہ اب جو یہ نگراں حکومت بنی ہے یہ تو ڈیڑھ ماہ، دو یا زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک ہوگی۔ نگراں حکومت اتنے مختصر عرصہ میں اتنے بڑے مسئلہ پر قابو نہیں پاسکتی۔ ہاں اگر بڑے سرجوڑ کر بیٹھیں اور جب ہم کہتے ہیں کہ ریاست اور ریاستی اداریں طے کرلیں کہ کس طرح ان مسائل پر قابو پانا ہے۔ جو دہشتگردی کر رہے ہیں وہ اتنے طاقتور ہیں کہ جب چاہیں اور جہاں چاہیں کوئی بھی واقعہ کرسکتے ہیں۔ اب حالت یہ ہے کہ کہہ دیا جاتا ہے کہ خطرہ ہے۔ اب جس کو اطلاع دی جاتی ہے وہ کیا کرسکتا ہے۔؟ علامہ افتخار حسین نقوی نے کہا کہ اب کوئی اگر یہ کہے کہ میانوالی میں، بھکر میں یا ڈیرہ اسماعیل خان میں اتنے خودکش داخل ہوگئے ہیں اور کہے کہ آپ خود اپنا انتظام کریں۔ اب کون انتظام کرسکتا ہے۔؟ لہذا پہلے تسلیم کر لیا جائے کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، جب حالت جنگ کو تسلیم کر لیا جائے گا، پھر جنگی قوانین لاگو ہوں گے۔ پھر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ صرف ایک مہنے کے اندر یہ سب کچھ کنٹرول ہوجائے گا۔
خبر کا کوڈ : 249189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش