0
Saturday 11 May 2013 01:45

جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کا زمانہ گزر گیا، سیکرٹری الیکشن کمیشن

جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کا زمانہ گزر گیا، سیکرٹری الیکشن کمیشن
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا ہے کہ جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کا زمانہ گزر گیا۔ پولنگ عملہ کسی دباؤ میں نہ آئے۔ کل ہونے والے انتخابات کے نتائج 12 مئی کی شام تک مکمل کر لئے جائیں گے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ صاف شفاف انتخابات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پولنگ عملہ دباؤ قبول کئے بغیر شفاف انتخابات یقینی بنائے۔ عوام سات لاکھ پولنگ عملے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا بیلٹ پیپرز کی ترسیل کیلئے 20 ہزار فوجیوں نے فرائض انجام دیئے۔ جب کہ انتخابات کے موقع پر سیکورٹی کیلئے پاک فوج کے 75 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، ملک بھر میں سترہ کروڑ نوے لاکھ سے زیادہ بیلٹ پیپرز متعلقہ علاقوں میں پہنچا دیئے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز پر تعینات پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اوٌل کے اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔

عسکری ذرائع کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر چالیس سے پینتالیس جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر بیس سے پچیس فوجی جوان تعینات کئےگئے ہیں۔ رینجرز اور دیگر پیرا ملٹری ٹروپس سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ پاک فوج کی کوئیک رسپانس فورس الرٹ جب کہ پچاس سے زیادہ ہیلی کاپٹر بھی ہمہ وقت تیار رہیں گے۔ الیکشن کمیشن میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے، جہاں ملک بھر سے نتائج حاصل کئے جائیں گے، کنٹرول روم سے نتائج ڈیٹا بیس میں بھجوائے جائیں گے۔ جس کے بعد انتخابی نتائج ویب سائٹ پر جاری کر دیئے جائیں گے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن 2013ء کے یادگاری ٹکٹ کی رونمائی بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 262664
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش