0
Sunday 12 May 2013 19:37

سنی اتحاد کونسل پاکستان بھر سے کوئی بھی نشست حاصل نہ کر سکی

سنی اتحاد کونسل پاکستان بھر سے کوئی بھی نشست حاصل نہ کر سکی
اسلام ٹائمز۔ الیکشن 2013ء کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں سنی اتحاد کونسل کا کوئی بھی نامزد امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا۔ انتخابی نتائج کے بعد سنی اتحاد کونسل نے اپنی شکست کو کھلے دل کیساتھ تسلیم کرلیا ہے اورجمہوریت کے فروغ کیلئے نئے حکومت کے ساتھ تعاون کے عزم کااظہارکیا ہے۔سنی اتحاد کونسل نے اپنے الگ انتخابی نشان ’’گھوڑا‘‘ سے الیکشن میں حصہ لیا تھا اوراسے 30سے زائد اہلسنت جماعتوں کی حمایت بھی حاصل تھی تاہم کونسل فتح یاب ہونے میں ناکام رہی۔

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہار اور جیت الیکشن کا حصہ ہے، ہم قوم کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں اور الیکشن میں کامیابی پر کھلے دل سے میاں نواز شریف کو مبارکباد دیتے ہیں،ہم ان کے لیے دعاگو ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے ہر اچھے کام کی حمایت اور اسلام و پاکستان کے خلاف ہر غلط اقدام کی مزاحمت کریں گے۔ سنی اتحاد کونسل حزب احتساب کا کردار ادا کرتی رے گی، قوم کو نئے حکمران مبارک ہوں۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے اپنا فرض ادا کر دیا ہے اب نئے حکمرانوں کا امتحان شروع ہو گیا ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی قیادت قوم سے کئے ہوئے وعدے پورے کرے گی۔ انتخابات کا انعقاد جمہوریت کی مضبوطی کی طرف ایک اور قدم ہے۔ سنی اتحاد کونسل اسلام اور پاکستان کی سربلندی کے لیے جدوجہد تیزتر کرے گی۔ تمام جماعتیں انتخابی مہم کی تلخیاں بھلا کر نئے دور کا آغاز کریں کیونکہ پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی نتائج کو خوشدلی سے قبول کریں۔ الیکشن میں عوام کی بھرپور شرکت نے ملک کا مستقبل تابناک بنا دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 263180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش