0
Friday 17 May 2013 13:54

چینی وزیراعظم 22 مئی کو 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئینگے

چینی وزیراعظم 22 مئی کو 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئینگے
اسلام ٹائمز۔ ایوان صدر کے ترجمان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری چینی وزیراعظم Li Keqiang کے دورہ پاکستان کے موقع پر انکے اعزاز میں 22 مئی کو ظہرانہ دیں گے۔ اس ضمن میں صدر آصف علی زرداری نے سیاسی قیادت کو ایوان صدر میں مدعو کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق چینی وزیراعظم  22 مئی کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ چینی وزیراعظم Li Keqiang کے استقبالیہ میں شرکت کے لئے ایوان صدر میں سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ظہرانے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات بھی متوقع ہے۔ ایوان صدر ترجمان کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے چینی وزیراعظم کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے پر مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی، جماعت اسلامی پاکستان کے امیر منور حسن، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرپاﺅ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل، پختونخواہ ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، نیشنل پیپلز پارٹی کے سربراہ غلام مرتضیٰ جتوئی، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق کو دعوت نامے بھجوا دیئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 264810
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش