0
Sunday 2 Jun 2013 23:22

نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک وزیراعلٰی بلوچستان کے عہدے کیلئے نامزد

نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک وزیراعلٰی بلوچستان کے عہدے کیلئے نامزد
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک کو وزیراعلٰی بلوچستان نامزد کر دیا ہے۔ گورنر بلوچستان پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا ہو گا۔ بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایک ٹرانسپیرنٹ حکومت قائم کی جائے گی۔ بلوچستان میں گذشتہ کئی سالوں سے جاری کھیل کو مزید جاری رکھنے کی اب کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ ہم بلوچستان میں تبدیلی لا کر رہیں گے۔ وفاق بلوچستان میں امن و عامہ کے قیام کے لئے بھرپور مدد فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آ گیا ہے۔ بلوچستان میں ہمیشہ تشدد کے خاتمے، خوشحالی اور وسیع تر مفاد کی بات کی ہے۔ بلوچستان میں تبدیلی لائیں گے اور گڈ گورننس قائم کرینگے۔ بلوچستان میں میرٹ اور صلاحیت کی حکمرانی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک کو وزیراعلٰی بلوچستان نامزد کر دیا گیا ہے جبکہ گورنر بلوچستان پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا ہو گا۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پنجاب کا رویہ بہت ہی مثبت اور جمہوری ہے، اگر آپ ایک قدم بڑھائیں گے تو بلوچ عوام دو قدم آگے بڑھائیں گے۔ نئے جمہوری پاکستان کی تشکیل ہمارا ایجنڈا ہے۔ حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں گذشتہ 10 سالوں کے دوران جو ہوتا رہا وہ اب نہیں ہو گا۔ چھوٹی پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا کام صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی کر سکتی ہے۔ ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف پاکستان کو ایک نیا پاکستان بنانے کا وژن رکھتے ہے۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے ساتھ مکمل تعاون کرینگے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن اور پختونخواہ ملی عوامی پارٹی نے نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبد المالک کو وزیراعلٰی بلوچستان کے لئے نامزد کر دیا ہے جس کا اعلان میاں نواز شریف نے کیا۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج اقتدار نے قربانی دی اور اقدار کی فتح ہوئی، محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا اکثریت حاصل کرنے والے پنجاب کے رہنما نے سب کو اکھٹا کر دیا۔ نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک کو وزیراعلٰی بلوچستان نامزد کرنے کا فیصلہ میاں نواز شریف کی زیر صدارت گورنمنٹ ہاوٴس مری میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو، شہباز شریف، ثناءاللہ زہری، چنگیز خان مری اور دیگر سینئر رہنماوٴں نے شرکت کی۔ 

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں میاں نواز شریف نے کہا کہ ہمیشہ بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنے اور امن کی بات کی آج اس کا عملی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں شفاف حکومت، میرٹ اور انصاف کی حکمرانی ہو گی۔ کرپشن پر مبنی ماضی کو دہرانے نہیں دیں گے۔ سب قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، آمریت نے تباہی پھیلائی اور جمہوریت نے سب کو اکھٹا کر دیا۔ اِس موقع پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ان پر نفرتیں پھیلانے کے الزامات لگتے رہے، وہ جمہوری رویئے چاہتے تھے جو آج انہیں مل گئے۔ وہ کرپشن کے خاتمے اور جمہوری پاکستان کی تشکیل کے لیے ایک قدم بڑھانے پر دو قدم بڑھائیں گے۔ نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو نے اس عزم کا ظاہر کیا کہ صوبے میں مسخ شدہ لاشوں اور لاپتہ افراد کا سلسلہ ختم کریں گے، صوبے میں بدعنوانی کا خاتمہ کردینگے۔ مسلم لیگ ن کے وزارت اعلٰی کے امیدوار سردار ثناءاللہ زہری اس موقع پر کچھ بُجھے بُجھے سے نظر آئے تاہم انہوں نے فیصلے کی توثیق کی۔ ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان کا گورنر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی سے ہونے کی وجہ سے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے مسلم لیگ ن کو ملیں گے۔
خبر کا کوڈ : 270084
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش