0
Sunday 28 Jul 2013 13:16

متحدہ کو وفاقی حکومت کا حصہ بنانا نواز حکومت کی سب سے بڑی غلطی ہوگی، کاشف مغل

متحدہ کو وفاقی حکومت کا حصہ بنانا نواز حکومت کی سب سے بڑی غلطی ہوگی، کاشف مغل
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے جوائنٹ سیکرٹری کاشف مغل نے کہا ہے کہ نواز حکومت قوم کی امیدوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی ترتیب دے۔ جانے پہچانے دہشت گردوں سے مفاہمتی جوڑ توڑ قائم کرنا موجودہ حکومت کو زیب نہیں دیتا۔ بلاشبہ نواز حکومت کو صدارتی انتخابات میں کسی دوسری جماعت کی مدد کی ضرورت نہیں پھر بھی نواز حکومت کے وفد کا متحدہ کے مرکز نائن زیرو جانا عوامی تشویش کو بڑھانے کے مترادف ہے جس کی وضاحت حکومتی اراکین کو جلد از جلد کر دینی چاہیے تاکہ عوام کے دلوں میں پیدا ہونے والے خدشات منفی صورت اختیار نہ کر لیں ۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر آئی آئی چندریگر روڈ سے آئے تاجروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کاشف مغل نے مزید کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت اپنے مینڈیٹ کی وجہ سے آج عوام کی نمائندہ جماعت بن کر ابھری ہے لہذا اب نواز حکومت کا کوئی غلط فیصلہ قوم کی دل آزاری کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز متحدہ سے ملاقات پر مسلم لیگ (ن) میں بھی ناراضگیاں جنم لے رہی ہیں جس کا نواز شریف صاحب کو خیال رکھتے ہوئے متحدہ کی جانب سے دیگر اراکین پر پارٹی پالیسی واضع کرنا چاہیے۔
 
کاشف مغل کا کہنا تھا کہ کہ نواز حکومت ملک میں متنازع جماعت بننے سے گریز کرے اور دہشت گرد عناصر سے دور رہے تاکہ الیکشن میں ملنے والے عوامی مینڈیٹ اور عوامی خواہشات کی بقا رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کو وفاقی حکومت کا حصہ بنانا نواز حکومت کی سب سے بڑی غلطی ہوگی جس کے باعث پیدا ہونے والی قوم کی ناراضگی مسلم لیگی (ن) کی حکومت کیلئے پریشانی کا سبب بن سکتی ہے کیونکہ کراچی کے عوام پہلے ہی متحدہ کی دہشت گردی کے ہر پہلو کو جان چکے ہیں اور اس جماعت کے گھناﺅنی سیاسی ہتھکنڈوں سے بھی اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز حکومت، سندھ سے متعلق اپنے حالیہ فیصلوں پرمسلم لیگ (ن) کے تمام اراکین کو اعتماد میں لےتے ہوئے دوبارہ غور کرے اور اپنے اقتدارمیں دہشت گرد جماعت سے کسی بھی قسم کے مفاہمتی عمل کو حکومت کا حصہ نہ بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 287547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش