0
Saturday 24 Aug 2013 14:00

لاہور ،دھاندلی کےخلاف تحریک انصاف کے بھوک ہڑتالی کیمپ پر پولیس کادھاوا،محمود الرشید سمیت درجنوں گرفتار

لاہور ،دھاندلی کےخلاف تحریک انصاف کے بھوک ہڑتالی کیمپ پر پولیس کادھاوا،محمود الرشید سمیت درجنوں گرفتار
اسلام ٹائمز۔ پولیس نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 150 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مال روڈ پر تحریک انصاف کے بھوک ہڑتالی کیمپ پر دھاوا بول کر درجنوں کارکنوں پر کو حراست میں لے لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مال روڈ پر چیئرنگ کراس کے مقام پر تحریک انصاف کے کارکن حلقہ پی پی 150 کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ لگا کر احتجاج کر رہے تھے کہ پولیس نے کیمپ کو اکھاڑ دیا اور وہاں موجود کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے ان پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، مظاہرین کی جانب سے مزاحمت پر پولیس نے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

اس موقع پر پولیس نے میڈیا کے نمائندوں کو بھی واقعے کی کوریج سے روکنے کی کوشش کی۔ حراست میں لئے جانے والوں میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے علاوہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمدود الرشید، تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعجاز چوہدری، اس حلقے سے ضمنی انتخابات لڑنے والے واجد عظیم اور خاتون رہنما عندلیب عباس بھی شامل ہیں۔ حراست میں لئے جانے سے قبل اعجاز چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، ان کا احتجاج پرامن تھا مگر پولیس کی جانب سے کارکنوں پر تشدد اور ان کی گرفتاریوں کے باوجود اپنا آئینی اور جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھیں گے۔

محمود الرشید کا کہنا تھا کہ گرفتاریاں دے کر لاہور کی جیلیں بھر دیں گے لیکن احتجاج کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آمریت کی یادیں تازہ کر دی ہیں اور نواز لیگ نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ضیا الحق کے حقیقی فرزند ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کارکن ازخود گرفتاریاں دیں اور جیلیں بھر دیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق تھا لیکن پنجاب حکومت کے ایما پر پنجاب پولیس نے جو کچھ کیا اس سے پنجاب حکومت کی اصلیت سامنے آگئی ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مال روڈ پر دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت اس علاقے میں کسی بھی قسم کا احتجاجی مظاہرہ یا ریلی نہیں نکالی جا سکتی، قانون کی خلاف ورزی پر ہی پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو حراست میں لیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے معمولات زندگی میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں اور کسی کو احتجاج کی آڑ میں معاملات زندگی میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 295272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش