0
Saturday 24 Aug 2013 22:13

سانحہ بھکر کا ذمہ دار درجنوں مقدمات کا نامزد ملزم مولوی عبدالحمید ہے، شیعہ علما کونسل بھکر

سانحہ بھکر کا ذمہ دار درجنوں مقدمات کا نامزد ملزم مولوی عبدالحمید ہے، شیعہ علما کونسل بھکر
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل ضلع بھکر کے صدر مولانا محمد رضا پشیہ نے جمعہ 23 اگست کے سانحہ کا ذمہ دار کالعدم تنظیم کے مولوی عبدالحمید کو قرار دیا، جو قصبہ پنجگرائیں سے 35 کلومیٹر دور واقع بھکر شہر میں مسلح ریلی لے کر گیا اور واپسی پر اس کے مسلح کارکنوں نے کوٹلہ جام کے حسینی چوک میں شیعہ مسلک کی مارکیٹ پر حملہ کرکے بے گناہوں کو شہید کیا، بعد ازاں ان مسلح افراد نے دریا خان بازار میں گھس کر 3 شیعہ نوجوانوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 4 دن قبل غلام محمد نامی شخص کے قتل کی ایف آئی آر اگرچہ نامعلوم افراد کے خلاف تھی مگر پولیس نے بلاتاخیر شیعہ نوجوانوں کو ناجائز طور پر گرفتار کرنا شروع کر دیا، جس کے بعد 35 کلو میٹر دور بھکر شہر جا کر مسلح ریلی نکالنے کا کوئی جواز نہ بنتا تھا، مگر اسے انتظامیہ نے نہیں روکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چند ہفتے قبل بھی حسینی چوک کوٹلہ جام کے شیعہ دکانداروں کی مارکیٹ اور املاک پر مولوی حمید کے کارکنوں نے حملہ کیا تھا، آگ لگائی گئی اور متعدد دکانوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ جمعہ 23 اگست کو کوٹلہ جام میں جانی نقصان کے بعد پولیس مولوی حمید کے مسلح قافلہ کو دریا خان میں داخل ہونے سے روکنے یا متبادل راستہ دینے کی بجائے تھانے کا گیٹ بند کرکے بیٹھ گئی، جس کے نتیجہ میں مسلح افراد نے 3 بے گناہ شیعہ نوجوانوں کو شہید کر دیا اور رات گئے مساجد سے اشتعال انگیز اعلانات کئے جاتے رہے مگر انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہ لیا۔

مولانا محمد رضا نے کہا کہ مقامی معززین و شیعہ عمائدین سالہا سال سے مقامی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ ضلع بھکر کا امن تباہ کرنے والے فرقہ پرست عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے، 2 سال قبل تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ، معروف قانون دان و شیعہ رہنما سید وزارت حسین نقوی نے بھی ایک میٹنگ میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کو تفصیل کے ساتھ شرپسند مولوی کی کارستانیوں کے بارے آگاہ کیا تھا، مگر مقامی انتظامیہ ہمیشہ ’’اوپر‘‘ کے حکم کا بہانہ بنا کر کارروائی سے گریز کرتی رہی۔
صدر شیعہ علماء کونسل نے کہا کہ رواں سال 22 فروری کو مولوی عبدالحمید نے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر حملہ کیا، جس کی آیف آئی آر نمبر 23/13 تھانہ دریا خان میں درج ہے، مگر انتظامیہ نے پھر بھی چشم پوشی سے کام لیا، انتظامیہ کے یہ اقدامات دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنے، جس کے نتیجہ میں یہ سنگین سانحہ رونما ہوا۔ مولانا محمد رضا نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان شرپسند عناصر کو مزید مہلت نہ دے۔
خبر کا کوڈ : 295355
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش