0
Tuesday 17 Sep 2013 00:04

دہشتگردی اور ظلم کے ستائے عوام کی امیدیں سپریم کورٹ سے وابستہ ہیں، شمشاد غوری

دہشتگردی اور ظلم کے ستائے عوام کی امیدیں سپریم کورٹ سے وابستہ ہیں، شمشاد غوری
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین آفاق احمد نے ہر قدم پر ہماری رہنمائی کی اور ہمیں یہ درس دیا ہے کہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے عدلیہ کے دروازے پہ دستک سے بہتر اور کوئی راستہ نہیں۔ مہاجر قومی موومنٹ غنڈہ گردی، دہشتگردی اور مسلح ونگ جیسے طریقوں سے پاک سیاست پر یقین رکھتی ہے اور بلاشبہ ہمارے پارٹی چیئرمین آفاق احمد نے ہمیں حکومت، آئین و قانون اور عدلیہ کا احترام کرنا اور ان کے احکامات پر عمل پیرا ہونا اچھی طرح سیکھایا ہے۔ شہر کا سکون واپس لانا اور کراچی سے اسلحہ کی لعنت ختم کرنا ہمارا اولین مقصد ہے جسے ہم ہر قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر کراچی کے علاقے صدر ایمپریس مارکیٹ سے آئے تاجروں اور دوکانداروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شمشاد خان غوری نے مزید کہا کہ شہر قائد میں گزشتہ برسوں کے دوران بدامنی اور لاقانونیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کی بڑی وجہ کراچی میں ایک جماعت کی جاگیرداری اور بدمعاشی ہے۔ اسی جماعت کے لوگوں نے کراچی کے کونے کونے میں نو گو ایریاز قائم کر رکھے ہیں جہاں کسی دوسری جماعت کی سرگرمیاں تو دور کی بات کوئی بندہ اس علاقے میں بنا اجازت داخل نہیں ہو سکتا۔
 
شمشاد خان غوری نے کہا کہ گزشتہ سماعتوں میں سپریم کورٹ بارہا احکامات جاری کرتی رہی کہ کراچی سے ان تمام نو گو ایریاز کو فوری ختم کیا جائے مگر اس وقت کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں کراچی کے ان جانے پہچانے دہشت گردوں کو گود میں لیئے بیٹھی رہی اور عدالتی احکام پر رتی برابر بھی عمل نہیں کیا بلکہ ان دہشتگردوں کو مزید کھلا میدان فراہم کیا جاتا رہا، جس کی واضع مثال آج کراچی کی تباہ کن صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد کے بااثر لوگ سمیت حکومتی اراکین بھی اس بات سے اچھی طرح واقف ہیں کہ عدالتی احکام کے باوجود مہاجر قومی موومنٹ کی سیاسی سر گرمیاں عرصہ دراز سے جبراً روکی جا رہی ہیں اور سینکڑوں مہاجر خاندان گزشتہ 12 سالوں سے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، انھیں علاقوں میں واپسی پر سنگین نتائج کی دھکمیاں دی جاتی ہیں اور اسی جدوجہد میں اب تک 2 ہزار سے زائد کارکنان شہید کئے جا چکے ہیں۔ دراصل حقیقت یہ ہے کہ مہاجر قومی موومنٹ کو الطاف سے علیحدگی اور پارٹی چیئرمین آفاق احمد کو موقف پر ڈٹے رہنے کی سزا دی جا ری ہے جس میں صوبائی حکومت اس دہشت گرد جماعت کا کھل کر ساتھ دے رہی ہے، لہذا اب نو منتخب حکومت اور سپریم کورٹ ہمیں انصاف فراہم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی صوبائی حکومت اب بھی کراچی کے ان دہشت گردوں کے در پے ماتھا ٹیک رہی ہے جس کی وجہ سے شہر میں جاری کارروائیوں کے مثبت نتائج تاحال سامنے نہیں آ سکے ہیں۔ ہماری معزز عدالت اور بلخصوص چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ نو گو ایریاز سے متعلق دیئے گئے فیصلے پر سختی سے عمل کروائیں کیونکہ پوری مہاجر قوم کی امیدیں آپ سے وابستہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 302436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش