0
Wednesday 6 Nov 2013 17:41

امریکا پر انحصار کم کرکے ایران، چین اور افغانستان سے بھرپور اشتراک کیا جائے، عتیق میر

امریکا پر انحصار کم کرکے ایران، چین اور افغانستان سے بھرپور اشتراک کیا جائے، عتیق میر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان بھر کے تاجروں نے امریکی تسلط سے آزادی اور ڈرون حملوں کے خلاف حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔ ڈرون حملوں کے خلاف حکمت عملی اختیار کرنے کیلئے عوام سے بھی رائے لی جائے۔ ملک کے عسکری اور حربی وسائل دکھانے اور سجانے کے بجائے ملک بچانے کیلئے استعمال کئے جائیں، محرم الحرام کے موقع پر باطل قوتوں کو یقینی شکست دینے کیلئے جذبہ حسینیت اجاگر اور اختیار کیا جائے، اللہ سے بے خوف اور امریکا سے خوفزدہ ہو کر ملک نہیں بچایا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ملک بھر کے اہم اور مرکزی تاجر نمائندگان سے رابطے کے بعد میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں کیا۔ عتیق میر نے کہا کہ عصرِ حاضر کا فرعون عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کا مرتکب ہو کر پاکستانی سرزمین پر معصوم اور بے گناہ زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف حکومتی ایوانوں میں منظور کی گئیں قراردادیں بے وقعت اور بے توقیر ہو کر حکمرانوں اور سیاستدانوں کی بے بسی کا مذاق اڑا رہی ہیں۔  عتیق میر نے کہا کہ پاکستان میں موجود امریکا کا وظیفہ خوار اور وفادار طبقہ میڈیا پر واویلا کر رہا ہے کہ غیرت و حمیت کا مظاہرہ کیا تو امریکا ہمیں برباد کر دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے کے بجائے ڈرون حملوں کے خلاف لڑ کر شہید ہونے کو ترجیح دی جائے۔
 
بیان میں تاجر رہنماﺅں نے حکومت کو یقین دلایا کہ ملک بھر کی تاجر براری ملکی سالمیت، خود مختاری اور بقاء کیلئے حکومت کے ہر جرائتمندانہ اقدام کی بھرپور حمایت کرے گی۔ تاجر دامے، درمے، سُخنے، قدمے اپنا سب کُچھ وطن کی سلامتی پر قربان کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ تاجر رہنماﺅں نے کہا کہ ہماری خود مختاری کے معاملات نازک ترین مقام پر آچکے ہیں، امریکا کی مکمل غلامی اختیار کرلیں یا جزوی غلامی سے چھٹکارہ حاصل کریں، قوم کو اب کوئی ایک فیصلہ کرنا ہوگا۔ تاجروں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے مفادات کے تحت منقسم نظر آنے والی قوم ملک دشمنوں کے خلاف ڈٹ جانے کا بھرپور عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے مشترکہ مفادات کا تقاضا ہے کہ امریکا پر انحصار کم کرکے ایران، چین اور افغانستان سے بھرپور اشتراک کیا جائے اور خطے کے مسلمان ممالک کے اتحاد کو مضبوط کیا جائے۔ تاجر نمائندگان نے کہا کہ مشکل ترین حالات نے پاکستانی قوم کو کندن بنا دیا ہے۔ باہمی اتفاق میں کمی کے باوجود قوم جذبہ حب الوطنی سے مالا مال ہے۔ تاجروں نے علمائے کرام اور مفتیانِ کرام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں دینِ اسلام کی روشی میں قوم کی رہنمائی کریں اور سرزمینِ پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت اور سازشوں میں شریک عناصر کے خلاف جہاد فی سبیل اللہ کا فتویٰ جاری کریں۔
خبر کا کوڈ : 318232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش