0
Wednesday 8 Jan 2014 22:07

غلامان محمد مصطفیٰ (ص) دہشتگردی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، محمد حسین لاکھانی

غلامان محمد مصطفیٰ (ص) دہشتگردی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، محمد حسین لاکھانی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے ناظم محمد حسین لاکھانی نے کہا ہے کہ غلامان محمد مصطفیٰ (ص) دہشت گردی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، ہمارے دلوں سے جذبہٴ عشق مصطفیٰ (ص) کو ختم کرنے کی کوششیں کرنے والے خود مٹ جائیں گے۔ حضور رحمتہ اللعالمین (ص) نے مدینہ میں ایک صالح معاشرے کی بنیاد رکھی، عدل و مساوات کا وہ بہترین نظام دیا کہ جس میں مسلم حکمراں بھی قاضی کو جوابدہ ہے، اس نظام میں کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں بلکہ سب برابر ہیں، اسلام کے ان سنہرے اصولوں پر عمل کرکے اہل مغرب نے ترقی کی منازل طے کیں جبکہ مسلمان ان اصولوں کو فراموش کرکے رسوائی کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اہلسنّت کراچی میں جشن عید میلاد النبی (ص) کی تیاریوں کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مولانا ابرار احمد رحمانی، مولانا ناصر خان ترابی، مولانا خلیل الرحمان چشتی، عبدالحفیظ معارفی، مولانا الطاف قادری، مولانا کامران قادری، محمد جاوید قادری، عرفان حسین قادری، رئیس احمد، غفران احمد، شفیع رانا قادری، اسد جواد شروانی، محفوظ علی خان بھی موجود تھے۔ محمد حسین لاکھانی نے کہا کہ دہشت گردی کے نتیجے میں عوام مر رہی ہے جبکہ حکمران جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔

اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ماہ ربیع الاول عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر قیام امن، بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور بلدیاتی سہولیات کو یقینی بنانا حکومت و انتظامیہ کی بنیادی ذمّہ داری ہے، جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ شرکاء اجلاس نے ذرائع ابلاغ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام اخبارات نیز الیکٹرانک میڈیا چینلز میلاد کی تقریبات کی بہتر کوریج کریں اور بین الاقوامی سطح پر میلاد مصطفیٰ (ص) کے جلسوں اور جلوسوں کے ذریعے اسلام کے حقیقی تصور کو اجاگر کریں تاکہ یہودی میڈیا کے اسلام مخالف پروپگنڈے کا سدباب ہو سکے اور عالمی برادری دین اسلام کی حقیقی پرامن تعلیمات سے آگاہ ہو سکے۔ جماعت اہلسنت کے اعلامیہ کے مطابق 12 ربیع الاول عید میلادالنبی کے مرکزی جلوس و جلسہ (ایم اے جناح روڈ و نشتر پارک) سے متعلق علامہ شاہ تراب الحق قادری 9 جنوری بروز جمعرات سہ پہر تین بجے دفتر جماعت اہلسنّت کراچی نزد پاکستان چوک، شاہراہ لیاقت میں پریس بریفنگ دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 339043
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش