0
Thursday 16 Jan 2014 00:14

شیعہ علماء کونسل پاکستان کا جشن عید میلادالنبیؐ کے مرکزی جلوس کا استقبال و شرکت، استقبالی کیمپ لگائے گئے

شیعہ علماء کونسل پاکستان کا جشن عید میلادالنبیؐ کے مرکزی جلوس کا استقبال و شرکت، استقبالی کیمپ لگائے گئے
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی قیادت میں ضلعی صدر مولانا قاسم جعفری، مولانا نصیر موسوی، ڈویژنل سیکرٹری سید محمود نقوی سمیت مرکزی عہدیداران کے ہمراہ سمیت اعلیٰ سطحی وفد نے شرکت کی جبکہ علامہ عارف حسین واحدی نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ میلاد النبی کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کرکے قوم نے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، امہ کے تمام مسائل کا حل وحدت میں مضمر ہے، اتحاد و بھائی چارے کو فروغ دے کر نہ صرف پاکستان مستحکم ہوگا بلکہ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں بھی شامل ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان نے علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں عید میلاد النبی کے جلوسوں کا استقبال و شرکت کی اور اس سلسلے میں میلاد کے روٹس پر استقبالی کیمپس کا انعقاد کیا گیا اسی سلسلے میں راولپنڈی میں مرکزی عید میلاد النبی کے جلوس کے استقبال کے لئے ٹرنک بازار سمیت دیگر جگہوں پر کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ ٹرنک بازار میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی قیادت میں ضلعی صدر مولانا قاسم جعفری، مولانا نصیر موسوی، ڈویژنل سیکرٹری سید محمود نقوی سمیت مرکزی عہدیداران کے ہمراہ سمیت اعلیٰ سطحی وفد نے عید میلاد النبی کے جلوس کا استقبال کیا۔ اس موقع پر علمائے کرام و تنظیمی عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے اور عاشقان مصطفیٰ کا قافلوں کا تاریخی استقبال کیا گیا۔

اس پرمسرت موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام پہنچایا گیا۔ بعدازاں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے وفد کے ہمراہ انجمن تاجران سمیت دیگر تنظیموں و انجمنوں کی جانب سے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا اور عید میلاد النبی کے جلوس میں باقاعدہ شرکت کی جس پر انجمن تاجران کے عہدیداران و اہل سنت مکتب فکر کے علماء کرام نے گرم جوشی سے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کوئی مسئلہ نہیں، میلاد النبی اور محرم الحرام کے ایام میں مسلمانوں کی شرکت محمد آلؑ محمدؐ سے محبت کا اظہار ہے۔ اور پیغمبر اکرم کی زندگی کا نمایاں پہلو یہ ہے کہ آپ ؐ عالم اسلام کے اتحاد کا مرکز اور نبیؐ وحدت ہیں آپکی ذات مبارکہ ہمیں اخوت، بھائی چارے، وحدت اور محبت کا درس دیتی ہے اور ہر قسم کے لسانی، علاقائی، فروعی اور جزوی و ذاتی اختلافات و تعصبات کی نفی کی اور انہیں نظر انداز کرنے کا حکم فرمایا۔ دور حاضر میں سیرت نبوی ؐ کو خاص طور پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ ایک تکفیری گروہ مسلمانوں کے درمیان نفرتیں پھیلانے میں مصروف ہے تمام مسلمان متحد ہو کر انکے تمام عزائم خاک میں ملا دیں۔ مسلمانوں کو چاہیئے کہ نبی اکرمؐ کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر فروعی مسائل اور فرقہ وارانہ تنازعات اور تعصبات کے خاتمہ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ عید میلا دالنبی ؐ اور ہفتہ وحدت ہمیں اس بات کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ ہم ان مبارک ایام میں پیغمبر اکرمؐ کی سیرت سے صحیح استفادہ کریں اور تمام اسلامی مکاتب اور مسالک کے عقائد کا احترام کرتے ہوئے باہم ملکر مشترکات کو بنیاد بنا کر اجتماعی پروگرام کریں اور باہمی محبت و رواداری کو فروغ دیں۔
خبر کا کوڈ : 341508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش