0
Tuesday 18 Feb 2014 09:59

22فروری کو مردہ شیر کا پوسٹ مارٹم کرینگے، چوہدری مجید

22فروری کو مردہ شیر کا پوسٹ مارٹم کرینگے، چوہدری مجید
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بلوچ کے غیرت مند عوام نے پی پی پی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ میں وزیراعظم نہیں عوام کا چوکیدار و محافظ ہوں۔ پی پی پی تمام قبائل کے گلدستے کا نام ہے 22فروری کو بلوچ کے عوامی ریفرنڈم میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیں گے۔ آج بلوچ کی فضاؤں سے قبرستان گڑھی خدا بخش میں سوئے ہوئے شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو جئے بھٹو کے نعروں کی آواز سن رہے ہیں۔ بلوچ کی نشست جیت کر آصف زرداری، بلاول بھٹو اور فریال تالپور کو تحفہ میں پیش کرینگے۔ بلوچ کا بھینس قبیلہ غیرت مند افراد پر مشتمل ہے جو جھکا اور بکا نہیں، بلوچ کے تمام قبائل پیپلز پارٹی کی عزت اور پہچان ہیں۔ فاروق طاہربہروپیا ہے، روپ بدل کر لوگوں سے ووٹ مانگتا ہے۔ 22فروری کو اسے لوگ مثال عبرت بنا دینگے، تیروں سے شیر کو زخمی کر دینگے اور 22فروری کو مردہ شیر کا پوسٹ مارٹم بھی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وینس آباد بلوچ اور دیگر مقامات پر پی پی پی امیدوار سردار فہیم اختر ربانی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
پی پی پی کی کشمیریوں کے ساتھ لازوال وابستگی اور محبت کا یہ ثبوت ہے کہ خطہ کے عوام نے ہمیشہ بھٹو کی تحریک پر اعتماد کا اظہار کیا۔ شہید رانی بینظیر بھٹو جب جلاوطنی کاٹنے کے بعد واپس آنے لگیں تو انہوں نے برملا کہا کہ کشمیر کی برف پوش چوٹیاں میری منتظر ہیں۔ شہید رانی کہا کرتی تھیں جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا لہو ٹپکے گا۔ کشمیر کے 20ہزار فلک بوس پہاڑوں پر مادر وطن کا دفاع کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پی پی پی نے کبھی بھی دھاندلی کاسہارا نہیں لیا بلکہ پی پی پی کو مختلف انتخابات میں سائینٹفک دھاندلی کے ذریعے شکست دی گئی۔ پاکستان میں پھانسی کے پھندے چوم کر، سینے پر گولیاں کھا کر اور جیالوں نے پیٹھوں پر کوڑے کھا کر جمہوریت، آئین، قانون کی بالادستی کے لیے تکلیفیں برداشت کیں۔
 
چوہدری مجید نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور آصف علی زرداری پاکستان کے اندر میثاق جمہوریت کی پاسداری کرتے ہوئے جمہوریت کے استحکام، ملک میں امن کے قیام، ترقی و خوشحالی کے لیے مشترکہ قومی منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں۔ نوازشریف نے شہید رانی کی طرح جمہوریت کی خاطر تکالیف برداشت کیں، جلاوطن ہوئے آج وہ پختہ جمہوری سوچ کے حامل شخصیت بن چکے ہیں۔ آزادکشمیر کی (ن) لیگ کی قیادت نے وزیراعظم نوازشریف کی منت سماجت کی کہ آزادکشمیر میں پی پی پی حکومت کو فارغ کیا جائے مگر میں سلام پیش کرتا ہوں نوازشریف کو جنہوں نے آزادکشمیرکی (ن) لیگ کی قیادت کو جھاڑ پلادی اور تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں کسی بھی قسم کی مداخلت نہ کرنے کا برملا اعلان کیا۔ نوازشریف کے اس فیصلہ سے آزادکشمیر کے اندر جہاں نوازشریف کے عزت و احترام میں اضافہ ہوا وہاں کشمیریوں کو نیا حوصلہ بھی ملا۔
خبر کا کوڈ : 352816
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش