0
Thursday 26 Jun 2014 12:11

سیاحت کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، چوہدری عبدالمجید

سیاحت کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے ہدایت کی ہے کہ آزادکشمیر کے اندر سیاحت کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ آزاد خطہ میں امن و امان کی شاندار صورتحال ہے اس لیے سیاحوں کی تعداد لاکھوں میں پہنچ چکی ہے۔ سیاحوں کو سکیورٹی اور رہائشی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔ مقامی سطح پر سیاحت کی صنعت کو مضبوط بنانے کے لیے انفرادی قرضے دئیے جائیں۔ بدھ کے روز یہاں ایوان وزیراعظم میں ڈائریکٹر جنرل سیاحت ظہیر الدین قریشی نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کو قدرت نے بہترین موسم اور شاندار جغرافیائی پوزیشن دی ہے یہ جگہ سیاحت کے لیے آئیڈیل ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس پر سیاحتی مقامات اور سہولیات کے متعلق معلوماتی کتابچے فراہم کیے جائیں۔ سڑکوں کے کنارے خوبصورت شجرکاری کرکے اس کی حفاظت کی جائے، سیاحوں کو مکمل تحفظ کا احساس دلایا جائے۔ پولیس کو مزید متحرک کر کے اس کی پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ایسا منصوبہ شروع کیا جائے کہ ہر خوبصورت مقام پر ٹورازم ہٹس بھی تعمیر ہوں۔ فش پوائنٹس بنائے جائیں دریا کے کنارے حفاظتی اقدامات کے طور پر بورڈ آویزاں کیے جائیں۔ 

چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ حکومت روڈ انفراسٹریکچر کی بہتر ی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے تاکہ عام آدمی کو سفری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سیاحت کو فروغ حاصل ہو۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزادکشمیر کے اندر سڑکوں کی تعمیر کے میگا منصوبے شروع کر کے آزادکشمیر کی ٹورازم انڈسٹری کو پھلنے پھولنے کا شاندار موقع فراہم کیا۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع نکلیں گے بلکہ اس سے دفاع پاکستان بھی مضبوط ہوگا۔ 

اس موقع پر ڈی جی سیاحت نے وزیراعظم کو بتایا کہ محکمہ سیاحت سیاحتی مقامات کے اردگرد بسنے والوں کے لیے قرضہ سکیم شروع کر رہا ہے تاکہ وہ اپنے گھروں کے ساتھ ایک اضافی گیسٹ روم تعمیر کر کے اپنے لیے روزگار کا موقع پیدا کریں اور ریاستی معیشت کو مضبوط بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 395218
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش