0
Sunday 3 Aug 2014 19:03

طاہرالقادری پاکستانیوں کے دل کی آواز بن چکے ہیں، عوامی تحریک پنجاب

طاہرالقادری پاکستانیوں کے دل کی آواز بن چکے ہیں، عوامی تحریک پنجاب
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے یوم شہدا کی تاریخ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کارکن قائد انقلاب کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے حکمرانوں کا بستر بوریا گول کرنے اور نظام کی تبدیلی کے لئے اپنی جان تک قربان کر دیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے10۔اگست کو یوم شہدا کے اعلان کے بعد صوبائی تنظیم کے امور کا ابتدائی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چودھری بشارت جسپال نے کی۔ جس میں چودھری فیاض وڑائچ، ملک مشتاق نوناری، میاں عبدالقادر، راجہ زاہد، عبدالحفیظ چودھری، مشتاق احمد اور دیگر ارکان نے بھی شرکت کی۔ ایک قرارداد کے ذریعے صوبائی مجلس عاملہ نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے اعلان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اسے وقت کی ضرورت اور پاکستانیوں کے دلوں کی آواز قرار دیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ 68 سالہ نظام حکومت عوام کے مسائل کا حل فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے، جبکہ انتخابی نظام بھی فراڈ ہے جو قیام پاکستان سے قوم کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ قرارداد کے ذریعے مڈ ٹرم انتخابات کے مطالبے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ موجودہ نظام جائے گا تو عوام سکھ کا سانس لیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن قائد کی کال کے منتظر تھے۔ اب منزل کا تعین 10۔ اگست کو ہو گا۔ ہر کارکن جان ہتھیلی پر رکھ کر، قرآن مجید، تسبیح ، جائے نماز اور کفن ساتھ لے کر انقلاب کے قافلے میں شامل ہو گا۔ پرواہ نہیں کہ جان کب اس راہ میں قربان ہو جائے۔ انہوں نے سول انتظامیہ اور پولیس کو خبردار کیا کہ وہ حکمرانوں کی ناجائز خواہشات کی بھینٹ نہ چڑھیں، خود کو غیر جانبدار رکھیں ورنہ عوامی غیض و غضب انہیں بھی بہا لے جائے گا۔ بشارت جسپال نے کارکنوں اور مقامی قیادت سے حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں پر نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
خبر کا کوڈ : 402800
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش