0
Thursday 14 Aug 2014 16:36

سندھ، ناقص بکتر بند گاڑیوں کی خریداری پر آئی جی اور چیف سیکریٹری عدالت طلب

سندھ، ناقص بکتر بند گاڑیوں کی خریداری پر آئی جی اور چیف سیکریٹری عدالت طلب
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے سندھ پولیس کیلئے بکتر بند گاڑیوں کی خریداری میں 8 ارب روپے کی کرپشن کیخلاف دائر درخواست پر چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں لارجر بینچ نے اسلحہ اور بکتر بند گاڑیوں کی خریداری اور سندھ میں آئی جی سندھ کی مستقل تعیناتی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی، بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اطہر سعید شامل تھے۔ اختر محمود نامی شہری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے 15 مارچ 2013ء ایک غیر ملکی کمپنی کو پولیس کیلئے بکتر گاڑیوں کی خریداری کے سلسلے میں عالمی ٹینڈر طلب کئے بغیر ٹھیکہ دیا ہے جو کہ سندھ پبلک پروکیورمنٹ رولز 2010ء کی خلاف ورزی ہے، اسلحہ اور بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کے اس سودے میں 8 ارب روپے کی بدعنوانی کی جا رہی ہے، سربیا سے مرمت شدہ بکتر بند گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں جبکہ اس سے کم قیمت پر امریکی گاڑیاں مارکیٹ میں دستیاب ہیں لیکن بدنیتی پر مدعا علیہان نے خریداری کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہنگامی خریداری کا قانون لایا گیا ہے۔ 

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارش پر صوبائی حکومت نے سندھ ایمرجنسی پروکیورمنٹ ایکٹ 2014ء جاری کیا جس کے تحت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کیلئے بکتر بند گاڑیوں، اسلحہ اور سیکیورٹی آلات خریدنے کی اجازت دی گئی جبکہ سندھ پبلک پروکیورمنٹ رولز 2010ء کے تحت ٹینڈر طلب کئے بغیر کسی قسم کی خریداری پر پابندی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ سابق قائمقام آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ نے معاہدے خریداری کے اس معاہدے پر دستخط کئے اور سابق سیکریٹری داخلہ و سابق پولیس چیف وسیم احمد نے پہلے ہی رقم جاری کرنے کی منظوری دیدی تھی، سابق آئی جی سندھ اقبال محمود کے اعتراض پر انھیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت خریداری پر حکم امتناع جاری کرے جس پر جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ عدالت تمام فریقین کا موقف سن کر کوئی فیصلہ دے گی۔
خبر کا کوڈ : 404764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش