0
Wednesday 10 Sep 2014 22:43

ڈی آئی خان جیل حملہ، افسران سمیت 164 اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی منظوری

ڈی آئی خان جیل حملہ، افسران سمیت 164 اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ڈیرہ اسماعیل خان جیل توڑے جانے کے دوران بزدلی اور غفلت برتنے والے پولیس اور جیل خانہ جات کے 164 اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی منظوری دے دی، تحقیقاتی کمیٹی نے ڈیڑھ ماہ قبل جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ میں ان میں سے اکثر کو ملازمتوں سے برخاست کرنے کی سفارش کی تھی۔ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں گذشتہ سال کی 29 جولائی کو 150 کے قریب دہشتگردوں نے جیل پرحملہ کیا اور 250 قیدیوں کو چھڑا لیا، جن میں ان کے کئی اہم ساتھی بھی شامل تھے۔ اس واقعے کی ایک تحقیقات میں منظر عام پر آنے والے شواہد کو وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے غیر تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ وہ اس کے اصل ذمے داران تک پہنچنا چاہتے ہیں، جس پر سیکرٹری ماحولیات ڈاکٹر حماد اویس آغا اور چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ ملاکنڈ فضل ربی پر مشتمل ایک اور کمیٹی قائم کی گئی، اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں واقعے کو پولیس کی بزدلی اور نااہلی قرار دیا ہے۔

رپورٹ میں اس امر پر حیرت کا اظہار کیا گیا ہے کہ کئی گھنٹے تک دہشت گردوں کی کارروائی کے دوران پولیس کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جو ایک واضح اشارہ ہے کہ پولیس نے دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش ہی نہیں کی۔ تحقیقاتی رپورٹ میں اس وقت کے ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان، ایس پی ایلیٹ فورس، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، ڈی ایس پی سٹی ڈیرہ، لائن افسر انسپکٹر، تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او، جیل سپرنٹنڈنٹ اور ڈیرہ جیل کے 157 پولیس اہلکاروں کو برطرف کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 409103
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش