0
Tuesday 23 Sep 2014 19:47
68 سال گزر گئے مگر اسلامی پاکستان نظر نہیں آیا

دھرنوں کے باعث اہم مسائل سرد خانوں کی نظر ہوچکے ہیں، کوشش ہے کہ بحران جلد حل ہو، سراج الحق

امریکہ کی غلامی سے نکلے بناء ترقی ممکن نہیں، پروفیسر ابراہیم
دھرنوں کے باعث اہم مسائل سرد خانوں کی نظر ہوچکے ہیں، کوشش ہے کہ بحران جلد حل ہو، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن انشاء اللہ جاگیرداروں، سرمایہ داروں، وڈیروں اور کرپٹ لوگوں کیلئے موت کاپیغام ثابت ہوگا۔ عوام اپنے ووٹ کااستعمال سوچ سمجھ کر کریں۔ پاکستان اب اسلامی پاکستان بنے گا۔ ہم اس ملک میں وہ نظام قانون اور جمہوریت لاناچاہتے ہیں جس کیلئے لاکھوں شہداء نے تحریک پاکستان میں قربانیاں پیش کیں۔ 68 سال گزر گئے ہیں وہ پاکستان نظر نہیں آیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے حقنواز پارک میں منعقدہ جماعت اسلامی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام میں صوبائی امیر جماعت اسلامی و سابق سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم، صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان، صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور سمیت دیگر نے شرکت کی۔ مرکزی امیر سراج الحق کی جلسہ گاہ آمد پر ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔ ضلعی امیر جماعت اسلامی مولانا سلیم اللہ ارشد، زاہدمحب اللہ ایڈووکیٹ، حافظ محمد رمضان، بشیر ہرگن، سمیع اللہ خان، عقیل ڈمرہ اور عبدالرشید گنڈہ پور سمیت دیگر کی قیادت میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے بازی کی۔ جلسہ گاہ کو جماعت اسلامی کے جھنڈوں اور بینرز سے سجایا گیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کرپٹ ،خان خوانین کیلئے نہیں بنا۔ اس کرپٹ طبقے نے پاکستان کو دو حصوں میں تقسیم کیا۔ ملک کا سرمایہ بیرونی ممالک میں منتقل کیا۔ اسمبلی میں جاگیرداروں کے چشم وچراغ، پوتے نواسے اور نواسیاں بیٹھے ہیں۔ یہ معاشی و سیاسی دہشتگردی ہے۔ ان کی وجہ سے ملک غریب بن چکا ہے۔ غریب کا بیٹااسمبلی میں نہیں جا سسکتا۔ ہم پاکستان میں مدینہ جیسی ریاست چاہتے ہیں۔ ہمیں ایسی جمہوریت اور منشور کی ضرورت نہیں ہے، جس میں غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو۔ پاکستان کو چین اور ملائیشیا سے زیادہ ترقی کرنا چاہئے تھی۔ آج ہم قرضوں میں جکڑے جاچکے ہیں۔ انسان نے چاند پر قدم رکھا ہے، ہم یہاں بھوک سے مر رہے ہیں۔ آج ملک میں وی آئی پی نظام ہے۔ ہسپتالوں میں بڑوں کیلئے الگ نظام ہے، غریب کیلئے الگ۔ اسی وی آئی پی کلچر نے ملک کو بدنام کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ چالیس روز سے اسلام آباد میں دھرنوں کی صورت میں بحران ہے۔ دنیا میں ہمارا ملک ایک تماشہ بن چکاہے۔ اس بحران کی وجہ سے وزیرستان سمیت دیگراہم مسائل سرد خانے میں جاچکے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ یہ بحران جلد سے جلدحل ہو۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ دنیا میں ظلم کا نظام برپا ہے۔ وزیرستان آپریشن کی وجہ سے سینکڑوں نہیں ہزاروں تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں۔ طلباء زیور تعلیم سے محروم ہیں۔ 15 جون سے شمالی وزیرستان آپریشن کے آغاز سے مزید دس لاکھ افراد شمالی وزیرستان سے بھی نکلنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ جب تک ہم امریکی غلامی سے نہیں نکلیں گے، ہمارا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کی صورت میں تبدیلی دیکھنا چاہتی ہے۔ ملک میں امریکہ کی غلامی ہے۔ ملک پر سرمایہ دار اور جاگیر دار طبقہ حکمران ہے۔ ملک وسائل سے مالامال ہے۔ ضلعی امیر جماعت اسلامی مولانا سلیم اللہ ارشد نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی ملک کو موجودہ بحران سے سراج الحق کی قیادت میں نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 411239
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش