0
Monday 6 Oct 2014 12:30
نواز شریف نے آج تک بلی کے بچے کی قربانی بھی نہیں دی

کارکنوں پر آنچ بھی آئی تو الطاف حسین کا جینا حرام کر دونگا، بلاول بھٹو

عمران خان انگلی کٹوا کر شہیدوں میں شامل ہونا چاہتے ہیں
کارکنوں پر آنچ بھی آئی تو الطاف حسین کا جینا حرام کر دونگا، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے آج تک ایک بلی کے بچے کی بھی قربانی نہیں کی، عمران خان انگلی کٹوا کر شہیدوں میں نام لکھوانا چاہتے ہیں۔ بلاول نے کہا کہ انکل الطاف آپ اپنے نامعلوم افراد کو سنبھالیں، اگر میرے کارکنوں پر ایک آنچ بھی آئی تو لندن پولیس کیا، میں آپ کا جینا حرام کر دوں گا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کراچی میں بلاول ہائوس کے سامنے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔ بعد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں قربانی کا روایتی پیغام دینے نہیں آیا، جس قربانی کی بات ہو رہی ہے اسے ہم سے زیادہ کون جانتا ہے۔ وزیراعظم نواز شر یف نے ایک بلی کے بچے کی بھی قربانی نہیں دی جبکہ عمران خان انگلی کٹوا کر شہیدوں میں نام لکھوانا چاہتے ہیں۔ سیاست کوئی کھیل نہیں، عمران خان کو سیاست سیکھنی ہے تو بھٹو سے سیکھیں، ہمیں کرکٹ کھیلنی ہوگی تو خان صاحب کے پاس جائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انکل الطاف آپ اپنے نامعلوم افراد کو سنبھالیں، اگر میرے کارکنوں پر ایک آنچ بھی آئی تو لندن پولیس کیا میں آپ کا جینا حرام کردوں گا۔ اپنی والدہ بے نظیر بھٹو، ماموں شاہ نواز اور مرتضٰیِ بھٹو، دادا ذوالفقار علی بھٹو اور خاندان کے دیگر افراد کی قربانیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ میں جمہوریت اور قربانی کی سیاست کرتا رہوں گا۔ سیاست کرنا میرا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں انہیں سیاست میں دیکھنا نہیں چاہتیں۔ دو مرتبہ وزیراعظم بننے والی بے نظیر بھٹو کو وہ سکیورٹی نہیں دی گئی جس کی انہیں ضرورت تھی، مجھے بھی سکیورٹی نہ دی گئی تب بھی 18 اکتوبر کو مزار قائد پر جلسے مِیں جا کر رہوں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ خاندانی سیاست کی رٹ لگا رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی خاندانی سیاست کرتی ہے اور کرتی رہے گی کیونکہ بھٹو آج بھی عوام کی روح میں شامل ہے۔ یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف بھٹو تھے۔ انشاءاللہ اگلا وزیراعظم بھی بھٹو ہی ہوگا، مگر ہمیشہ ہمارا نعرہ "وزیراعظم بے نظیر" ہی رہے گا۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلا وزیرِاعظم بھٹو خاندان سے ہوگا۔ کراچی میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں آج صرف عید کا روایتی پیغام دینے نہیں آیا پیپلزپارٹی خاندانی سیاست کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جمہوریت کے شیر بنتے ہیں لیکن انہوں نے آج تک جمہوریت کے لئے بلی کا بچہ تک قربان نہیں کیا۔ انہوں نے جذباتی لہجے میں کہا کہ میں بے نظیر شہید کا بیٹا ہوں، مجھے کوئی بھی انتقام لینے سے نہیں روک سکتا لیکن بی بی نے سکھایا کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ چند عناصر مجھے کراچی میں جلسہ کرنے سے روکنا چاہتے ہیں، وہ مجھے مشورہ دے رہے ہیں کہ حالات خراب ہیں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا جائے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حالات ہمیشہ پیپلز پارٹی کے لئے ہی کیوں خراب ہوتے ہیں۔؟ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ 18 اکتوبر 2014 کو کراچی میں ہر حال میں جلسہ کریں گے۔ 
انہوں نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ پیپلز پارٹی کی ریلی کی بھرپور حفاظت کے لئے رینجرز کو پیشگی ہدایت دیں، اگر پی پی پی کا ایک بھی کارکن آپ کے نامعلوم افراد کا نشانہ بنا تو میں آپ کو چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا۔ انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں سیاست سیکھنی ہے تو ذوالفقار علی بھٹو سے سیکھیں، جنہوں نے ہمیں سکھایا کہ پیپلزپارٹی ایک خاندان ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں کرکٹ سیکھنی ہوگی تو ہم ضرور عمران خان سے سیکھیں گے۔ انہوں نے اپنے کارکنوں کو جوش دلانے کے لئے نعرہ لگایا کہ "میں بھی بھٹو ہوں، آپ بھی بھٹو ہیں، ہم سب بھٹو ہیں۔" پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ صرف پیپلزپارٹی ہی وہ واحد پارٹی ہے جو اپنے کسی بھی کارکن کو وزیرِاعظم بناسکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 413358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش