0
Sunday 19 Oct 2014 12:47
ہم اپنے شہداء کے پاکیزہ خون کو رائیگاں نہیں جانے دینگے

مظلوموں کی حمایت اور شیعہ سنی وحدت کا اسکرپٹ ہمارا ہے، جسکے رائٹر شہید عارف حسینی ہیں، ناصر عباس جعفری

تکفیری دہشتگرد عناصر کو امریکہ اور سعودی عرب کی سرپرستی میں فنڈنگ کی جا رہی ہے
مظلوموں کی حمایت اور شیعہ سنی وحدت کا اسکرپٹ ہمارا ہے، جسکے رائٹر شہید عارف حسینی ہیں، ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ حکمران چاہتے ہیں کہ عوام کو اپنے جبر سے ڈرا دیں، تاکہ ان کے ناپاک عزائم کامیاب ہوجائیں، پاکستان کی سرزمین پر پاکستان کی قوم کو مختلف طریقوں سے دہشتگردی، مذہبی منافرت، انتہا پسندی اور لسانیت کے ذریعے خوف پھیلا کر دہشتگردوں کو پالا جا رہا ہے، ملک میں گروہ اور لشکر بنائے گئے، تاکہ ہمارے اس معاشرے کو کمزور کیا جائے، 20 کڑور عوام کا ملک کمزور کر دیا جائے، مظلوموں کی حمایت اور شیعہ سنی وحدت کا اسکرپٹ ہمارا ہے، جس کے رائٹر قائد شہید عارف حسینی ہیں، ملک کو دہشت گردی سے نجات دینے کیلئے شیعہ و سنی مل کر سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، ملک کی سیاست بدل رہی ہے، عوام نے استحصال کرنے والی جماعتوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امروہہ گراؤنڈ انچولی سوسائٹی میں ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے زیر انتظام شہدائے راہ ولایت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
کانفرنس سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، مرکزی شوریٰ عالی ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ مولانا شیخ حسن صلاح الدین، سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنماء صاحبزادہ اظہر رضا قادری، آل پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما مطلوب اعوان، علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مختار امامی، علامہ نثار قلندری، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ علی انور جعفری، علی حسین نقوی سمیت دیگر شیعہ و سنی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں خانوادہ شہداء اور خواتین کی بہت بڑی تعداد سمیت ہزاروں شرکاء موجود تھے۔ کانفرنس کے آخر میں جشن عید غدیر و عید مباہلہ کی مناسبت سے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ کانفرنس کا اختتام علامہ مرزا یوسف حسین نے دعائے وحدت کی تلاوت سے کیا۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان میں مکتب تشیع کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سب سے پہلے فرعونی صہیونی دہشتگردی کے اس نظام کو قائد وحدت علامہ شہید عارف الحسینی نے توڑا اور عالمی استعماری قوتوں کو پاکستان میں شکست دی۔ آج ملک میں دہشتگردی کی اس فضا کو ناکام بنانے کیلئے افکار شہید عارف حسین الحسینی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اس ملک میں تکفیری قوتیں اس ملک کی جڑوں کو کمزور کر رہی ہیں، ملک کے بیش تر صوبے ان دہشتگرد تکفیریوں قوتوں کے اثر میں ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان، خیبر پختوخوا، پنجاب، سندھ اور گلگت و بلستان میں کئی علاقے ان دہشتگردوں کے زیر اثر ہیں اور مسلسل شیعہ و سنی مسلمانوں کو نقصان پہچا رہے ہیں اور کفر کے فتوے دیئے جا رہے ہیں اور ان کا ساتھ وہ لوگ دے رہے ہیں جو قیام پاکستان کے خلاف تھے اور اب اس ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضیاء اسٹبلشمنٹ کی باقیات ہی ہیں جو اس ملک میں میلاد، جلوس ہائے عزا، مساجد و امام بارگاہوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، جو وطن دشمن، اسلام دشمن ہیں اور آج بھی ریاستی طاقتیں ان دہشتگردوں کی سرپرستی کر رہی ہیں، جن کو امریکا اور سعودی عرب کی سرپرستی میں فنڈنگ کی جا رہی ہے۔

شہدائے راہ ولایت کانفرنس میں اپنے خصوصی خطاب میں علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا اور شیعہ و سنی مسلمانوں نے مل کر نواز حکومت اس اقدامات کی مذمت کی اور اپنی وحدت سے ریاستی دہشتگردی کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے طالبان دہشتگردوں سے مذاکرات کو بھی ناکام بنا دیا تھا، جبکہ ملک میں موجود آمر جنرل ضیاء کی باقیات نے اس کی مخالفت کی جو دراصل اس ملک سے غداری ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ نواز حکومت نہیں چاہتی کے اس ملک میں شیعہ و سنی ایک ہوں مگر یہ ان کی خام خیالی ہے، کیونکہ پاکستانی شیعہ و سنی عوام باشعور ہیں اور اپنے خلاف کسی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے امریکی، اسرائیلی اور سعودی ایماء پر پاکستان کو دہشتگردوں کی آماجگاہ بنا دیا ہے، پورے ملک میں شیعہ و سنی کا قتل عام اسی شیطانی سیاست کی کارستانی ہے اور اس سیاست کو انہیں ظالم و جابر حکمرانوں نے آگے بڑھایا ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہم اس وطن کے باوفا بیٹے ہیں اور اس ملک کی بقاء کیلئے خون کے آخری قطرے تک ان تکفیری دہشتگردوں کے خلاف اپنے برادران اہلسنت کے ساتھ ملکر اپنی مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنی اس شیعہ و سنی وحدت سے ایسے تمام ملک و اسلام دشمن حکمرانوں کے ایجنڈے کو ناکام بنا دیں گے اور ملک میں اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، اپنی جمہوری جدوجہد کے ذریعے اس ملک میں امن و خوشحالی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کے پاکیزہ خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور شیعہ و سنی اتحاد سے اسلام و پاکستان دشمن تکفیریوں کو انشاءاللہ شکست دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 415361
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش