0
Thursday 25 Dec 2014 18:07

شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے حکومت بھرپور مالی تعاؤن فراہم کریگی، شیر جہاں میر

شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے حکومت بھرپور مالی تعاؤن فراہم کریگی، شیر جہاں میر
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلٰی گلگت بلتستان شیر جہان میر نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے بروقت بھرپور اقدامات کو یقینی بنائے حکومت انتخابات کے حوالے درکار فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائیگی۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام دستیاب وسائل فراہم کریگی۔ ان خیالات کا اظہار نگران وزیراعلٰی گلگت بلتستان شیر جہان میر نے وزیراعلٰی سیکرٹریٹ گلگت میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان جسٹس (ر) سید طاہر علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر نے گلگت بلتستان میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے نادرا کے ذریعے انتخابی ووٹر لسٹوں کی تیاری کے حوالے سے کمپیوٹرائزڈ الیکٹرولر لسٹوں کی تیاری کا عمل شروع کیا تھا جو آخری مراحل میں ہے امید ہے 15دنوں تک کمپیوٹرائز الیکٹرولر لیسٹیں تیار کی جائیگی، جس کے بعد الیکٹرولر لسٹوں کو مزید شفاف بنانے کیلئے درستگیوں کا موقع دیا جائیگا تاکہ الیکشن کو مکمل طور پر شفاف بنایا جا سکے۔

چیف الیکشن کمشنر نے گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کو عملی جامع پہنانے کیلئے الیکشن کمیشن کو درپیش مالی مسائل سے نگران وزیراعلٰی کو آگاہ کرتے ہوئے اضافی بجٹ دینے کی بات کی۔ نگران وزیراعلٰی نے چیف الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں قانون ساز اسمبلی کے شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے نگران حکومت بھر پور مالی تعاؤن فراہم کریگی۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ نگران وزیراعلٰی کی ہدایات کی روشنی میں گلگت بلتستان میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائیگا انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے نگران حکومت کے تعاون سے اقدامات کیے جائینگے۔
خبر کا کوڈ : 428107
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش