0
Saturday 28 Feb 2015 09:55

کوئٹہ، سینیٹ‌ انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) اور جمعیت میں اتحاد کا اعلان

کوئٹہ، سینیٹ‌ انتخابات کیلئے مسلم لیگ (ن) اور جمعیت میں اتحاد کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر نواب ثناءاللہ زہری نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا جمعیت علماء اسلام کے ساتھ اتحاد ہو گیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتیں مل کر ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکیں اور بلوچستان پر لگنے والے ہارس ٹریڈنگ کے دھبے کو ختم کریں۔ جس طرح وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے تمام جماعتوں کے ساتھ ملکر ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کیلئے اقدامات کئے ہیں تاکہ اس برائی کو ختم کیا جا سکے۔ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان سے ہارس ٹریڈنگ کو ختم کریں۔ اس سلسلے میں تین جماعتی اتحاد قائم کیا گیا ہے اور دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کرینگے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بات چیت ہو رہی ہے اور اس اتحاد کے سینیٹ انتخابات کے علاوہ آنے والے وقت میں سیاست اور انتخابات پر مثبت اور دورس نتائج برآمد ہو نگے۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام جماعتیں ملکر ووٹوں کی خرید و فروخت کو روکیں۔ جو لوگ ضمیر فروشی کرتے ہیں وہ اپنے حلقے کے عوام سے ووٹ لیکر منتخب ہو کر ایوان میں آتے ہیں۔ اس لئے ووٹ فروخت کرنے اور خریدنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے۔ وزیراعظم بھی کوشش کررہے ہیں کہ قانون سازی ہو اور اس خرید و فروخت کا راستہ روکا جا سکے۔ ہم نے ہمیشہ اس غیر قانونی عمل کی مخالفت کی ہے۔ تمام پارٹیوں کو ملکر اس غلط فعل کو روکنا ہوگا۔ اس طرح کا کاروبار کرنے والے سیاسی جماعتوں اور ممبران کے وقار کو مجروح کرتے ہیں۔ اس لئے قانون سازی کرکے اس کا ہمیشہ کیلئے راستہ بند ہونا چاہئے۔

مولانا عبدالواسع نے کہا کہ دو جماعتوں نے متفقہ طور پر اتحاد قائم کیا ہے جس کے آنے والے وقت میں موثر اثرات سامنے آئینگے۔ اس لئے ہم سب کو ان اقدامات کو آگے بڑھانا ہو گا۔ مسلم لیگ کے ہمارے ساتھ رابطے تھے اس لئے ریکوزیشن پر اجلاس بلایا گیا۔ ہم سب ملکر مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اکیسویں ترمیم پر ہماری جماعت کے کچھ تحفظات تھے حالانکہ اکیسویں ترمیم میں دہشتگردی کے حوالے سے سیاسی اور عسکری قیادت سمیت پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر متحد تھی لیکن دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے اس میں مذہب کو بھی شامل کردیا گیا ہے، جو بدنیتی پر مبنی ہوگا۔ اس لئے ہماری قیادت میں تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تمام پارٹیاں متحد ہو کر ہارس ٹریڈنگ کو روکیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکنے کیلئے اتحاد قائم کیا ہے۔ ہماری کوشش ہو گی کہ ملکر انتخابات میں حصہ لیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 443809
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش