0
Friday 17 Apr 2015 22:37

الطاف حسین بھارت تو جا سکتے ہیں مگر کراچی نہیں آسکتے، سراج الحق

الطاف حسین بھارت تو جا سکتے ہیں مگر کراچی نہیں آسکتے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کی قسمت کا فیصلہ اب لندن میں نہیں بلکہ شہر کی گلیوں میں ہی ہوا کرے گا، جس کا فیصلہ 23 اپریل کو عوام دیں گے، جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین بھارت تو جا سکتے ہیں، مگر وہ کراچی نہیں آسکتے۔ کراچی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے انتخابی مہم کے سلسلے میں شارع پاکستان پر منعقدہ خواتین کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا کہ آج کے جلسے نے خوف اور دہشت گردی کے بت کو پاش پاش کر دیا ہے، کراچی سے غنڈہ گردی اور فساد کی سیاست ختم ہونے والی ہے، اب شہر میں شرافت اور خدمت کی سیاست ہونی چاہئے۔ سراج الحق نے کہا کہ الطاف حسین کو دعوت دیتا ہوں کہ اگر آپ بھی پرامن کراچی جاہتے ہیں تو اپنی ملیشیا ختم کریں، اپنے مجرموں کو جنوبی افریقہ سے بلا کر عدالت کے حوالے کر دیں، مگر میں یہ نہیں سمجھتا کہ ایم کیو ایم کبھی ایسا کرے گی، اس لئے اب عوام ہی فیصلہ کرے اور 23 اپریل کو اپنے ووٹ سے ثابت کر دیں۔

سراج الحق نے کہا کہ الطاف حسین نے 9 مرتبہ استعفیٰ دے کر واپس لیا، لیکن اب وہ پھر 23 اپریل کو استعفیٰ دے کر واپس نہیں لیں گے، کیونکہ اس دن کراچی کے عوام فیصلہ کریں گے کہ شہر کی قسمت کا فیصلہ لندن میں نہیں بلکہ یہاں کی گلیوں میں ہوگا، ہم ووٹ کی طاقت سے 23 اپریل کو جبر کا قلعہ گرا دیں گے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن عوام کے سامنے اور پاکستان کیلئے خوشخبری کا پیغام ہوگا، اور اس بار ایم کیو ایم کو ماضی کی طرح ٹھپے لگانے کا موقع نہیں ملے گا، جبکہ ہم نہیں سمجھتے کہ الطاف حسین کبھی کراچی کا رخ کریں گے، کیونکہ وہ بھارت تو جا سکتے ہیں، لیکن یہاں نہیں آسکتے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی میں نعرا لگایا گیا تھا کہ ٹی وی بیچو اور کلاشنکوف خریدو، میں کہتا ہوں نہیں، بچوں کو کلاشنکوف کی ضرورت نہیں بلکہ کتاب اور قلم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کراچی کی خواتین تبدیلی چاہتی ہیں تو جماعت اسلامی کو ووٹ دیں، ہم خواتین کو تعلیم یافتہ، خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں، جبکہ اگر ہماری حکومت آئی تو خواتین کی ملازمت کے اوقات میں کمی کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 455145
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش