0
Monday 4 May 2015 19:12

آزاد میڈیا جمہوریت کا لازمی جزو ہے، زبیر حفیظ

آزاد میڈیا جمہوریت کا لازمی جزو ہے، زبیر حفیظ
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زببر حفیظ نے کہا ہے کہ معاشرے کی تعمیر میں میڈیا کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ صحافی اپنی جانوں پر کھیل کر خبر تلاش کرتے ہیں۔ صحافیوں کے حقوق اور ان کی حفاظت عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔ اس کے لئے ان قوانین پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودی  اکیڈمی لاہور میں ماس کمیونیکیشن کے طلبہ کے لئے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی صحافت ملک میں ضروری ہے لیکن ملکی سلامتی اور سالمیت کے لئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ایک آزاد میڈیا جمہوریت کا لازمی جزو ہے اور یہ ملک کے پر امن مستقبل کی تشکیل کیلئے صحتمندانہ مباحث کا موقع فراہم کرتا ہے، صحافی کے ہاتھ میں قلم ہوتا ہے جس کی کاٹ تلوار سے زیادہ تیز ہے۔ اگر صحافی پوری دیانت داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں تو شہریوں کے لیے اس کے مثبت اثرات ہونگے لیکن مقابلے کے رحجان اور پہلے خبر دینے کی دوڑ نے صحافیوں کو اعلیٰ صحافتی اصولوں کو بھی مات کر دیا ہے۔ زبیر حفیظ نے مزید کہا کہ پاکستانی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ صحافی تاحال جائز مقام نہ ملنے کے باعث شدید اذیت سے دوچار ہے۔ ملازمتوں سے جبری بر طرفی سمیت تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے سے صحافی برادری مالی مشکلات کا شکار ہے۔ اگرچہ سپریم کورٹ سے ویج بورڈ ایوارڈ کا فیصلہ ہوچکا ہے تا ہم اس کا نفاذ بھی صحافیوں کے لیے ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یوم صحافت اس بات کا پیغام ہے کہ صحافت کے عظیم پیشے کو قوم کی بہتری، جمہوریت اور ملکی ترقی کے لئے استعمال کیا جائے۔ نوجوان طلبہ کا اس جانب رجحان ملک کے اچھے مستقبل کی نوید ہے۔
خبر کا کوڈ : 458345
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش