0
Wednesday 3 Jun 2015 23:30

نواز حکومت گلگت بلتستان انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کرنا چاہتی ہے، عمران خان

نواز حکومت گلگت بلتستان انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کرنا چاہتی ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2015ء انتخابات کا سال ہے۔ نواز شریف کو کہا تھا کہ وہ صرف چار حلقے کھولے، اگر دھاندلی ثابت ہو جائے تو دوبارہ انتخابات کرائے جائیں اور اگر شفاف الیکشن ہوئے ہیں تو حکومت کریں۔ نواز شریف کو ڈر تھا کہ حلقے کھلنے سے دھاندلی ثابت ہوجائے گی۔ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی تین تین باریاں لے چکے ہیں، لیکن عوام کی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ چلاس میں صدیوں سے بسنے والے قدیمی باشندوں کو مالکانہ حقوق ملنے چاہیں۔ حکمران جماعت کے امیدوار لوگوں کے ضمیر خریدنے کیلئے نوٹ تقسیم کر رہے ہیں، عوام ان سے نوٹ ضرور لیں کیونکہ یہ آپ کی لوٹی ہوئی رقم ہے، لیکن ووٹ بلے کو دینے ہیں۔ گلگت چلاس میں تاریخی انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو قدرت نے بیشمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ خطے کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ یہاں کے نوجوان تعلیم حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا نظام ہے کہ امیر امیر تر جبکہ غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے، غریبوں کی حالت بدلنا میرا مشن ہے۔ ملک میں ہر ظالم کا مقابلہ کروں گا۔ اگر عوام بھی ملک کا نظام بدلنا چاہتے ہیں تو پھر تبدیلی کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی، اس لئے کوئی خوف بھی نہیں ہے۔ اگر کوئی کہتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے تو ہم دوبارہ انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف نہ ہونے کی وجہ سے چلاس میں بسنے والے قدیمی باشندے زمینوں کے مالکانہ حقوق سے محروم ہیں۔ انصاف کا تقاضا تو یہ ہے کہ ان لوگوں کو مالکانہ حقوق ملنے چاہیں۔ عمران خان نے کہا کہ نواز حکومت نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں قبل از انتخابات دھاندلی کی ہے اور ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی عوامی مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کر رہی ہے عوام ہوشیار رہے اور انہیں انتخابات میں دھاندلی سے روک لیں۔
خبر کا کوڈ : 464834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش