0
Friday 28 Aug 2015 15:47

اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے، قبلہ اول کی بے حرمتی کے سنگین نتائج نکلیں گے، اردن کا انتباہ

اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے، قبلہ اول کی بے حرمتی کے سنگین نتائج نکلیں گے، اردن کا انتباہ
اسلام ٹائمز۔ اردنی حکومت نے یہودی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصی پر روز کی بنیاد پر دھاوئوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فلسطینی نمازیوں کی مسجد میں داخلے پر پابندیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اردنی حکومت کے ترجمان اور وزیر مملکت برائے ریاستی امور ڈاکٹر محمد المومنی نے عمان میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ صہیونی ریاست کے سیکورٹی اداروں، پولیس اور فوج کے ہاتھوں فلسطینی شہریوں کو قبلہ اول میں عبادت سے روکنا ناقابل برداشت ہے۔ مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں کے داخلے پر عائد پابندیوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اردن اسرائیل کی دوغلی پالیسی کو کسی صورت میں قابل قبول نہیں سمجھتا، یہودیوں کو قبلہ اول میں داخلے کی کھلی چھٹی دینا اور فلسطینی نمازیوں کو روکنا عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اردنی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ عمان وزارت مذہبی امور اوقاف نے بیت المقدس میں موجود مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے 52 نئے محافظ بھرتی کیے ہیں جب کہ آئندہ چند ماہ میں مزید 70 محافظ بیت المقدس بھیجے جائین گے۔ محمد المومنی نے صہیونی ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول اور عالم اسلام کے تیسرے مقدس ترین مقام کی بے حرمتی سے باز رہے ورنہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ یہودی آباد کاروں کا قبلہ اول میں داخل ہونا اور اسرائیلی پولیس کی جانب سے فلسطینی نمازیوں کو روکنا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

ادھر حماس نے اسرائیلی حکام کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے محافظوں پر تشدد اور نمازیوں کو قبلہ اول میں داخلے سے روکنے کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ حماس نے فلسطینی عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ صہیونی دشمن کی جانب سے قبلہ اول میں داخلے پر پابندی کی سازشوں کو ناکام بنا دیں، فلسطین کا بچہ، بوڑھا، جواں، مرد اور عورت سب قبلہ اول کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی تمام تر سازشوں کے باوجود فلسطینی عوام مسجد اقصیٰ کو تنہاء نہیں چھوڑ سکتے۔
خبر کا کوڈ : 482533
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش