0
Saturday 17 Oct 2015 18:29
عالمی طاقتیں ضمیر فروش علاقائی لوگوں کو خرید کر عزارادی کیخلاف سازشیں کر رہی ہیں

جب تک دُنیا میں مُحمد و آل مُحمد کا ایک بھی چاہنے والا ہوگا، عزاداری سیدالشہداء قائم و دائم رہے گی، آغا راحت

جب تک دُنیا میں مُحمد و آل مُحمد کا ایک بھی چاہنے والا ہوگا، عزاداری سیدالشہداء قائم و دائم رہے گی، آغا راحت
اسلام ٹائمز۔ مرکزی جامع امامیہ مسجد گلگت کے امام جُمعہ والجماعت آغا سید راحت حُسین الحسینی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی مجالس و جلوس دینی عبادات ہیں، ان مجالس اور جلوسوں میں کسی کی دل آزاری نہیں کی جاتی ہے، نہ کسی مسلک یا مذہب کے خلاف ہرزہ سرائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا معرکہ حق و باطل کا معرکہ تھا اور آج معرکہ کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوسوں کا مقصد بھی حق و باطل میں فرق کو واضح کرنا ہے۔ آغا سید راحت حُسین الحسینی نے کہا عالمی طاقتیں یاد حُسین (ع) اور مجلس عزاء سے خوف زدہ ہیں اور عزاداری کی روک تھام کے لئے ہر طرح کی سازشیں کر رہی ہیں، جس کے لئے ضمیر فروش لوگوں کو خرید کر عزاداری کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن عالمی طاقتیں یاد رکھیں، جب تک دُنیا میں مُحمد و آل مُحمد کا ایک بھی چاہنے والا ہوگا، عزاداری سیدالشہداء قائم و دائم رہے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ عزاداران امام حُسین (ع) بھی شرعی، اخلاقی حدود قیود اور محرم کے تقدس کا خاص خیال رکھیں اور کوئی بھی ایسا عمل انجام نہ دیں، جس سے کسی انسان یا کلمہ گو مسلمان کی دل آزاری ہو۔ آغا سید راحت حُسین الحُسینی نے تمام مسلمانوں کو مجالس اور عزاداری کے جلوسوں میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ امام حُسین (ع) صرف شیعوں یا مسلمانوں کے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے امام اور مُحسن ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج دُنیا کے تمام مستضعفین اپنی آزادی کے لئے امام حُسین (ع) اور کربلا سے درس لے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 491808
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش