0
Tuesday 10 Nov 2015 11:03

ماسکو اور تہران میں دفاعی میزائل سسٹم کی فراہمی کا معاہدہ

ماسکو اور تہران میں دفاعی میزائل سسٹم کی فراہمی کا معاہدہ
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی جانب سے ایران پر سے پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد روس نے ایران کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایس 300 دفاعی میزائل سسٹم فراہم کرنے کے لئے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق روس کے سرکاری ادارے روسٹیک کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس اور ایران کے درمیان ایس 300 میزائل سسٹم کی فراہمی کا منصوبہ ایک بار پھر زیر غور ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ یاد رہے کہ ایران اور دنیا کی چھ سپر پاورز کے درمیان رواں سال جولائی میں ہوجانے والے جوہری معاہدے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے روس نے رواں سال اپیریل میں ہی ایران پر میزائل سسٹم کی فراہمی پر موجود پابندی کو ہٹا لیا تھا۔ روس نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مذکورہ میزائل سسٹم صرف اور صرف دفاعی استعمال کے لئے ہے اور اس پر اقوام متحدہ کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی جانب سے ایران پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی لگائے جانے کے بعد روس نے 2010ء میں ایران کو مذکورہ دفاعی میزائل سسٹم کی فراہمی روک دی تھی۔ اس کے بعد ایران نے روس کے خلاف جنیوا کی ثالثی عدالت میں 4 ارب ڈالر حرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

حالیہ معاہدے کے بعد روس کا کہنا ہے کہ وہ اب ایران کو مذکورہ دفاعی میزائل سسٹم کا مزید جدید ورژن فراہم کرے گا، تاہم اس کے حوالے سے فوری طور پر کسی قسم کا اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔ روسیٹک کے مطابق معاہدے کے پہلے حصے کے مکمل ہونے پر ایران نے روس کے خلاف قانونی دعوے سے پیچھے ہٹنے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔ آر آئی اے نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسٹیک کے چیف ایگزیکٹو سرگئی سیمیزوف نے دبئی ائیر شو میں کہا ہے کہ ایئر ڈیفنس سسٹم کے معاہدے سے عرب ممالک کو نہیں گھبرانہ چاہیئے۔  ان کا کہنا تھا کہ یہ دفاعی سازوسامان ہے اور یہ ہم کسی بھی ملک کو فراہم کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر عرب ممالک ایران پر حملہ کرنے نہیں جا رہے تو وہ کیوں خوف زدہ ہیں، یہ صرف دفاعی سازوسامان ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ان سے کئی بار رابطہ کیا ہے اور اس سسٹم کو فراہم نہ کرنے کی گزارش کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 496837
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش