0
Thursday 3 Dec 2015 18:41

کراچی میں عوام اپنے ووٹ کے ذریعے بدامنی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سے نجات حاصل کریں، سراج الحق

کراچی میں عوام اپنے ووٹ کے ذریعے بدامنی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سے نجات حاصل کریں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے چالیس ارب کے نئے ٹیکس لگانا غریب عوام کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ اس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ اسمبلی میں پیش کئے بغیر ٹیکس لگانا اسمبلی کی توہین ہے۔ وزیرخزانہ کے فیصلوں سے عوام متاثر ہوں گے۔ ورلڈبنک اور آئی ایم ایف کے حکم پر ٹیکس لگانا ذہنی اور معاشی غلامی ہے۔ ہم اسے مسترد کرتے ہیں، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے خیبر پختونخواہ کے بڑے حصے کو محروم رکھا جا رہا ہے۔ اس پر قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ خیبر پختونخواہ کے تمام علاقوں کو اقتصادی راہداری میں شامل کیا جائے۔ اس منصوبے کو ناکام بنانے کی کوشش ملک کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔ وفاق خیبر پختونخواہ کو اپنا حصہ نہیں دے رہا، خیبر پختونخواہ کو 380 بلین روپے سے زائد کا بجلی کا خالص منافع دے دیا جائے تو صوبہ دوسروں کو قرض دینے کے قابل ہو جائے گا۔ ہمیں خیرات نہیں اپنا حق دیا جائے۔ صوبے میں بلدیاتی انتخابات سے حکومت مضبوط ہوئی ہے۔ پنجاب اور سندھ میں برائے نام بلدیاتی انتخابات کرائے گئے۔ وہاں بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز اور اختیارات نہیں دیئے گئے۔ پنجاب اور سندھ میں بھی خیبر پختونخواہ کا بلدیاتی نظام اپنایا جائے۔ کراچی میں عوام اپنے ووٹ کے ذریعے بدامنی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سے نجات حاصل کریں۔ موجودہ آپریشن کی حمایت کرتے ہیں۔ مکمل امن کے قیام تک آپریشن جاری رکھا جائے۔ اسے سیاست کی نظر نہ کیا جائے۔

جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ تفہیم القرآن مردان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ کے امیر مشتاق احمد خان، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے معاون خصوصی شبیر احمد خان، جماعت اسلامی ضلع مردان کے امیر ڈاکٹر عطاء الرحمان اور کسان راج تحریک کے سربراہ ارسلان خان خاکوانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی پاکستان کے لئے نہایت اہم ہے اور ملک کی معاشی شہ رگ ہے۔ 5 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات عوام کے لئے ایک سنہری موقع ہیں۔ اس وقت کراچی پر عصبیت رکھنے والی حکومت کا قبضہ ہے جس کے ایم این ایز اور ایم پی ایز نے شہر کے لئے کچھ نہیں کیا۔ کراچی میں دو بار جماعت اسلامی کے مئیر منتخب ہوئے ہیں جن کی خدمت کا اعتراف شہر کا بچہ بچہ کرتا ہے۔ اگر عوام نے ہم پر اعتماد کیا تو کراچی کو استنبول جیسا ترقی یافتہ اور پر امن شہر بنائیں گے۔ کراچی آپریشن سے لوگوں کو حوصلہ ملا ہے، مکمل امن تک اسے جاری رکھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 502348
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش