0
Thursday 7 Jan 2016 09:34

ملی یکجہتی کونسل کے صدر ابوالخیر محمد زبیر کی حافظ سعید سے ملاقات

ملی یکجہتی کونسل کے صدر ابوالخیر محمد زبیر کی حافظ سعید سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر کی زیر قیادت ایک وفد نے امیر جماعت الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید سے ملاقات کی ہے جس میں پاک بھارت تعلقات، مدارس پر چھاپوں، علماء کرام کی گرفتاریوں اور ممتاز قادری کی سزا سے متعلق موضوعات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر تحفظ نظریہ پاکستان کے حوالہ سے جاری ملک گیر تحریک مزید تیز کرنے اور جلد مذہبی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلانے پر بھی اتفاق رائے کا اظہار کیا گیا۔ مرکز القادسیہ چوبرجی لاہور میں حافظ محمد سعید سے ملاقات کرنیوالے وفد میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری سردار محمد خاں لغاری شامل تھے، جبکہ جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، قاری محمد یعقوب شیخ اور مولانا عبدالوحید شاہ بھی موجود تھے۔ ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر زبیر، امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید اور دیگر رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے دینی و سیاسی قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا بہت ضروری ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے قائدین کا کہنا تھا کہ مساجدو مدارس اور منبر و محراب کے حوالہ سے ناروا حکمت عملی روا رکھی گئی ہے۔ مدارس پر چھاپے اور علماء کرام کی گرفتاریاں بیرونی قوتوں کو خوش کرنے کیلئے کی جا رہی ہیں۔ ممتاز قادری کی سزا شرعی طور پر درست نہیں، اگر مذہبی جماعتیں مل کر آواز بلند کریں تو سزائے موت ختم ہو سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 510825
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش