0
Wednesday 16 Mar 2016 10:16

سندھ میں ممکنہ فارورڈ بلاک سے پریشان پیپلز پارٹی نے حکمت عملی تیار کرلی

سندھ میں ممکنہ فارورڈ بلاک سے پریشان پیپلز پارٹی نے حکمت عملی تیار کرلی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بنانے کی کوششوں پر پیپلز پارٹی کی قیادت پریشان ہو گئی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ناراض اراکین کو منانے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں پیپلز پارٹی کے ناراض اراکین مخدوم جمیل الزماں، مخدوم رفیق الزماں، نادر مگسی، تیمور تالپور، بہادر ڈاہری، فیاض بھٹ کی جانب سے فارورڈ بلاک بنائے جانے کی اطلاعات نے پارٹی قیادت کو پریشان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے فاروڈ بلاک کی کوششوں پر اہم وزراء کا اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی اہم ترین رہنما اور آصف زرداری کی بہن فریال تالپور نے بھی شرکت کی۔ مخدوم جمیل الزماں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اجلاس میں مخدوم جمیل الزماں کو روکنے اور ناراض اراکین کو منانے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔

گزشتہ شب صوبائی وزیر اور سینئر رہنما میر ہزار خان بجارانی سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات بھی ناراض ارکان کو منانے کی حکمت عملی کا حصہ تھی۔ پیپلز پارٹی کے ناراض رہنما اور صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی نے منگل کو فریال تالپور سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے میر ہزار خان بجارانی کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی تھی۔ میر ہزار خان کافی عرصے سے اپنی پارٹی سے ناراض ہیں، ابتدا میں ان کی ناراضی ان سے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کا محکمہ واپس لے کر محکمہ تعلیم کا قلمدان دینے پر ہوئی، انھیں ضلع کشمور، کندھ کوٹ کے بلدیاتی اداروں میں مناسب نمائندگی نہ ملنے کی بھی شکایت تھی۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور فریال تالپور کی ملاقات کے بعد امکان ہے کہ انھیں ضلع کشمورو، کندھ کوٹ کے بلدیاتی اداروں میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نامزدگی میں اعتماد میں لیا جائے گا، اور سندھ کابینہ میں ان کی توقع کے مطابق کوئی قلمدان دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 527832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش