0
Friday 20 May 2016 09:22

پارلیمنٹ میں میچ فکسڈ تھا، واک آؤٹ کر کے وزیر اعظم کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کیا گیا، ڈاکٹر طاہرالقادری

پارلیمنٹ میں میچ فکسڈ تھا، واک آؤٹ کر کے وزیر اعظم کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کیا گیا، ڈاکٹر طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست دانوں نے پاناما لیکس کو مذاق بنا ڈالا، آف شور کمپنیوں کو چھوڑ کر اب لندن کے مے فیئر فلیٹس کی بات کی جارہی ہے، جو کرپشن کے سمندر کا قطرہ ہیں۔ ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ شریف خاندان کے لوگوں کے بیانات آپس میں نہیں ملتے، وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ میں جو حقائق بیان کیے وہ درست نہیں، پارلیمنٹ میں میچ فکسڈ تھا، واک آؤٹ کر کے وزیر اعظم کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کیا گیا، عمران خان ایک دن میری بات ضرور تسلیم کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کہا کہ اتفاق فاؤنڈری 1936 میں قائم کی گئی، جبکہ ان کے بھائی نے کہا ہے کہ ان کے والد قیام پاکستان سے پہلے کسان تھے، محمد شریف صاحب اصول پسند اور محنتی انسان تھے، وہ فخر سے کہتے تھے کہ قیام پاکستان کے بعد وہ ایک دکان پر 12 روپے ماہوار کے منشی تھے، کاروبار کا آغاز انہوں نے برف کے کارخانے سے کیا، پھر خراد کا کام بھی کیا اور اس کے بعد وہ لوہے کے کام میں مصروف ہو گئے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ نواز شریف خود کو مغل شہنشاہ تصور نہ کریں، جدہ کی اسٹیل مل 2005 میں بیچی، جبکہ رجسٹری ریکارڈ کے مطابق مے فیئر فلیٹس 10 سال قبل خریدے گئے، 1980 میں بھی نواز شریف کا لندن میں فلیٹ تھا، جہاں وہ قیام کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار نے نواز شریف کو بالکل بدل کر رکھ دیا ہے، وہ 1980 والے نواز شریف نہیں رہے، جس نے کاندھوں پر بٹھا کر عمرہ کرایا۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 1994 میں نیوزی لینڈ کے سابق وزیر اعظم نے بتایا تھا کہ نیوزی لینڈ کی سرکاری اسٹیل مل میں نواز شریف 50 فیصد کے شراکت دار ہیں، اس کی بھی تحقیقات کی جائے، جس زمانے میں آف شور کمپنیاں بنائی گئیں، نوازشریف کے بچے چھوٹے تھے ۔ کیا ان کے بچے جناتی یا کراماتی تھے، جو اتنی چھوٹی عمر میں انہوں نے اتنے اثاثے بنا لیے، یہ بچوں کی نہیں، نواز شریف کی کمائی ہے، نواز شریف نے کوئی جائیداد اپنے نام پر نہیں رکھی۔
خبر کا کوڈ : 539771
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش