0
Friday 1 Jul 2016 22:20

پاراچنار میں کرم ایجنسی کی تاریخ کی شاندار القدس ریلی کا انعقاد

پاراچنار میں کرم ایجنسی کی تاریخ کی شاندار القدس ریلی کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ عالمی بت شکن امام خمینیؒ کے حکم پر دنیا بھر میں آج جمعۃ الوداع کو یوم قدس کے عظیم دن کے طور پر منایا گیا۔ پوری دنیا کی طرح پاراچنار میں بھی یہ دن نہایت عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ تاہم گذشتہ سالوں کے مقابلے میں اس دفعہ پاراچنار میں یوم القدس کا دن ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا۔ 3 شعبان کو ہونے والے 3 شہداء کی تصاویر سے جلوس اور جلسہ گاہ کو مزین کیا گیا تھا اور کرم کے کونے کونے سے بوڑھے، جوان اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ مرکزی جامع مسجد کے خطیب نے بھی قدس جلوس کی بھرپور حمایت کی۔ چنانچہ جلسے میں مرکزی امام بارگاہ سے بھی کافی افراد نے شرکت کی۔ جلوس 2 بجے مدرسہ رہبر معظم آیت۔۔۔ خامنہ ای سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شہید پارک پہنچا اور وہاں جلوس نے ایک عظیم جلسے کی صورت اختیار کرلی۔ جلسے کا آغاز قاری سید رضی شاہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ اسکے بعد ذاکر مرتضٰی حسین، سید سرفراز علی شاہ، شبیر حسین ساجدی، علامہ سید محمد سبطین، مولانا منیر حسین جعفری اور تحریک حسینی کے سپریم لیڈر علامہ سید عابد حسین الحسینی نے خطاب کیا۔

اپنے خطابات میں مقررین نے کرم ایجنسی کے مسائل کو اجاگر کیا اور تمام مسائل کو کاغذات مال کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے 3 شعبان کو ہونے والے واقعے کی پرزور مذمت کی اور اس میں ملوث ملزمان کو برطرف کرکے انہیں سنگین سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے اعلٰی فوجی افسران خصوصاً جنرل راحیل شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف اٹھنے والے کسی بھی ہاتھ کو کاٹنے میں بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ریلی کے لئے پاک فوج، سول انتظامیہ اور مقامی رضاکاروں نے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے تھے۔ ریلی میں شرکاء کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز تھے، جن پر اسرائیل، امریکہ اور امریکہ کے حمایتیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ نیز کرم ایجنسی میں 3 شعبان کو ہونے والے واقعے میں ایف سی کے ہاتھوں 3 شہداء کی تصاویر کے پینافلکس بھی ریلی کے شرکاء کے ہاتھوں میں تھے۔
خبر کا کوڈ : 550109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش