0
Wednesday 16 Feb 2011 13:10

ریمنڈ ڈیوس کا مسئلہ پاکستان کی عزت و وقار کا مسئلہ بن چکا،ریمنڈ کو لامحدود سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں،شاہ محمود قریشی

ریمنڈ ڈیوس کا مسئلہ پاکستان کی عزت و وقار کا مسئلہ بن چکا،ریمنڈ کو لامحدود سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں،شاہ محمود قریشی
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا مسئلہ قوم کی عزت و وقار کا مسئلہ بن چکا ہے، اللہ ہمیں سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ دے۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی سینیٹر جان کیری سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جان کیری پاکستان کے دوست ہیں، پاکستان کے بارے میں اچھی رائے رکھتے ہیں، گذشتہ روز ہونیوالی انکی پریس کانفرنس میں انکے لہجے میں فرق تھا، جو ہونا بھی چاہیے، میں نے سینیٹر جان کیری سے ملاقات ان کی خواہش پر کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان کے وقار کو اولیت دی، قوم کی عزت و نفس سب سے افضل ہے، میرا کردار آپ کے سامنے ہے، تین سال پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو وسعت اور گہرائی دینے کیلئے کوششیں کیں، پاکستان اور امریکا کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے، پاکستان نے جو جانی اور مالی قربانیاں دیں، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، خودکش حملے برداشت کئے، معیشت اور سرمایہ کاری کی حالت سامنے ہے، امریکا کو اس کا احساس ہونا چاہیے، میں نے کوشش کی کہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے ذریعے اس کو وسعت دی جائے، میں نے چاہا کہ یہ ڈائیلاگ معنی خیز اور نتیجہ خیز ہوں، میں نے ہلیری کلنٹن اور رچرڈ ہالبروک سے یہی باتیں دہرائیں، انہوں نے میری بات سے اتفاق کیا اور میری تجاویز کی بنیاد پر ڈائیلاگ کو وسعت دی، میں نے کہا کہ جب پاکستان کا وزیر خارجہ آتا ہے تو امریکی نائب وزیر خارجہ کیوں بیٹھتا ہے، میری تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے یہ ڈائیلاگ برابری کی بنیاد پر کئے گئے، پاکستان کے عوام نے دیکھا کہ پچھلے سال پاک امریکا اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کی تین نشستیں ہوئیں، انہوں نے کہا کہ میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں پہلی بار میں نے پاکستان، افغانستان اور امریکا کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کی تجویز پیش کی جو قبول کی گئی، پاک افغان تعلقات میں تناوٴ تھا، آج تین سال بعد پاکستان اور افغانستان میں عمدہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک آگے بڑھ رہے ہیں۔
آج نیوز کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کو لامحدود سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی سینیٹر جان کیری نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں امریکی سفیر کیمرون منٹر اور سفارتخانے کے دیگر ارکان بھی میں موجود تھے۔ ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ قومی عزت و وقار کا مسئلہ بن چکا ہے۔ ریمنڈ ڈیوس کیس پر مجھے خاموش رہنے کا کہا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ عدالت میں ہے، وہی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا وقار افضل ہے، باقی سب بعد میں ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں پارٹی قیادت کے سامنے خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کے لئے تیار ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو پاکستان کی اور پاکستان کو امریکا کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت سر جھکانے کا نہیں، سر اٹھانے کا وقت ہے۔
خبر کا کوڈ : 55072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش