0
Friday 9 Sep 2016 20:00

وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کے قیام میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کے قیام میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے اڑتالیس ماہ کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ منظوری میں اربوں کی پرتعیش آرمرڈ گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ کابینہ نے افغان مہاجرین کے قیام میں ایک سال کی توسیع کی بھی منظوری دیدی۔ دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے زمین کی خریداری کیلئے رقم کے اجراء کی منظوری بھی دیدی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سال دو ہزار تیرہ سے لے کر اب تک ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ عدالتی حکم کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کابینہ اجلاس میں اکٹھے چار سال کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں اہم ترین فیصلہ غیرملکی مہمانوں کی آمد و رفت کے نام پر پینتیس مہنگی ترین آمرڈ گاڑیاں خریدنے کا ہے۔ کابینہ کی جانب سے نہ صرف اربوں روپے مالیت کی ان گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی گئی بلکہ ان پر ٹیکس بھی معاف کر دیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کے قیام میں بھی اکتیس مارچ دو ہزار سترہ تک توسیع کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین ہمارے بھائی اور مہمان ہیں۔ ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے اور انہیں ڈرانے دھمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، نہ ہی ان کی واپسی کے معاملے پر کوئی منفی تاثر نہیں پیدا ہونے دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے زمین کی خریداری کیلئے رقم کے اجراء کی منظوری بھی دیدی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دیامیر بھاشا ڈیم کے متاثرین میں رقم کی تقسیم منصفانہ ہونی چاہیئے۔ دھاسو ڈیم کیلئے ورلڈ بینک رقم فراہم کرے گا اور اس کی تعمیر کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں سائبر کرائم بل کے تحت تحقیقات اور کارروائی کا اختیار ایف آئی اے کے آئی ٹی ٹیلی کام ڈویژن کو سونپ دیا گیا۔ کابینہ نے برآمدات میں اضافے کی حکمت عملی پر غور مؤخر کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 566355
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش