0
Monday 19 Sep 2016 18:28

تحریک انصاف کو 25 ستمبر کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں جلسے کی جگہ تبدیل کرلے، زعیم قادری

تحریک انصاف کو 25 ستمبر کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں جلسے کی جگہ تبدیل کرلے، زعیم قادری
اسلام ٹائمز۔ ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو 25 ستمبر تک کا وقت دیا جا رہا ہے اس سے پہلے پی ٹی آئی اپنے جلسے کی درست جگہ کا اعلان کرے جبکہ میاں محمد نواز شریف کے چاہنے والے کروڑوں افراد ان کے گھر کی حفاظت کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار بیٹھے ہیں۔ لاہور پریس کلب میں ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری نے نواز شریف جاں نثار فورس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قوم فیصلہ کرے کہ شرافت کی سیاست اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ کسی کے گھر جایا جائے جبکہ عمران خان ایک بار پھر سیاست کی حدود کو عبور کر کے ذاتیات کی بات کر رہے ہیں لہذا نواز شریف کہ چاہنے والوں کو باہر نکلنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں 3 بار وزیراعظم بننے والے میاں محمد نواز شریف کیخلاف گندی زبان استعمال کی جا رہی ہے جبکہ عمران خان نے لاہور کے شہریوں کو رنگ باز اور مشٹنڈے کہا جو کہ ان کی سیاسی صحت کیلئے اچھا نہیں۔ زعیم قادری نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے چاہنے والے ان کے گھر کی عزت اور حفاظت کیلئے اپنی جان جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے نہیں گھبرائیں گے جبکہ گزشتہ 3 برس میں مسلم لیگ ن کے کارکن اور میاں محمد نواز شریف کے چاہنے والے پی ٹی آئی کے راستے کی رکاوٹ نہیں بنے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور کراچی کے لوگوں نے عمران خان کی احتساب کی تحریک کو مسترد کر دیا ہے جبکہ رائیونڈ جانے والے سوچ سمجھ کر رائیونڈ کا رخ کریں اور عمران خان اپنی سیاست چمکانے کیلئے پر تشدد مظاہروں پر اتر آئے ہیں۔ زعیم قادری نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو 25 ستمبر کا وقت دیا جا رہا ہے اس سے پہلے پی ٹی آئی اپنے جلسے کے روٹ اور جگہ کا درست تعین کریں جبکہ حکومت کی زمہ داری ہے کہ وہ آئین کی حدود میں رہتے ہوئے پرتشدد مظاہروں کو روکنے کیلئے اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 568566
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش