0
Friday 7 Oct 2016 14:29

سندھ حکومت نے خدمت خلق فاؤنڈیشن پر پابندی لگانے کی تیاری شروع کردی

سندھ حکومت نے خدمت خلق فاؤنڈیشن پر پابندی لگانے کی تیاری شروع کردی
اسلام ٹائمز۔ عزیز آباد میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے نزدیک ایک مکان سے غیر قانونی اسلحے کی ایک بڑی کھیپ برآمد ہونے کے بعد اب خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے غور کیا جارہا ہے۔ تحقیقاتی ادارے 6 سال کا ریکارڈ حاصل کرکے متحدہ قومی موومنٹ لندن اور پاکستان کے رہنماؤں کے بیانات قلم بند کریں گے۔ ٹھوس شواہد کے ساتھ محکمہ داخلہ سندھ کے ذریعے وفاقی حکومت سے کے کے ایف پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اسلحے کی بڑی کھیپ ملنے کے بعد تحقیقاتی اداروں نے اس معاملے سے وابستہ تمام افراد کا سراغ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ نائن زیرو کے نزدیک واقع اس مکان میں کس کس کی ڈیوٹی لگائی جاتی رہی ہے۔ سب سے پہلے تین سال کا یعنی ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کا ریکارڈ طلب کیا جائے گا۔ کے کے ایف کے خلاف ایف آئی اے پہلے ہی منی لانڈرنگ کی تحقیقات بھی کر رہی ہے۔ تفتیشی افسران نے ملکی اور غیر ملکی اکاؤنٹس کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات یہ معلوم ہونے پر شروع کی گئی تھی کہ کراچی سے جمع کی جانے والی رقوم خدمت خلق فاونڈیشن کے علاوہ سن اکیڈمی اور سن چیریٹی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی گئیں جبکہ ان تنظیموں کو دیگر سرگرمیوں پر اٹھنے والے اخراجات ادا کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 573479
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش