0
Monday 31 Oct 2016 22:00
حوثی قبائل نے حملہ مکہ مکرمہ نہیں جدہ فوجی اڈے پر کیا

سعودی عرب سیاسی مسئلے کو مذہبی رنگ دے کر منافرت نہ پھیلائے، اعجاز ہاشمی

سعودی عرب سیاسی مسئلے کو مذہبی رنگ دے کر منافرت نہ پھیلائے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے لاہور میں میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور یمن کی جنگ جاری رہنا او آئی سی اور اقوام متحدہ کی ناکامی ہے، مکہ مکرمہ پر حملے کا کوئی مسلمان سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حوثی قبائل اتحاد کے ترجمان نے وضاحت کر دی ہے کہ مکہ مکرمہ نہیں، جدہ فوجی اڈہ ان کے میزائل کا ہدف تھا تو اس کے بعد سعودی عرب کے سیاسی اور مذہبی ذمہ داروں اور پاکستان میں ایک مسلکی جماعت کے رہنماوں کو سیاسی اور عسکری نوعیت کے مسئلے کو مذہبی رنگ نہیں دینا چاہیے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ مسلمان پہلے ہی فرقہ واریت اور تکفیریت جیسے عذاب سے گزر رہے ہیں، سیاسی تنازعات کو مذہبی رنگ دے کر امت کو مزید تقسیم نہ کیا جائے، سنجیدگی سے مذاکرات کے ذریعے تنازعات کا حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یمنی عوام حکومت کی تبدیلی چاہتے ہیں تو انہیں ایسے ہی حق حاصل ہے جیسے کہ پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کے لوگوں کو، اس لئے سیاسی مسائل کو سیاسی ہی رہنے دینا چاہیے، انہیں مذہبی رنگ دے کر فتوے بازی سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خدانخواستہ اگر کبھی حرمین شریفین کے تقدس کو خطرہ ہوا تو امت مسلمہ شیعہ سنی، وہابی بریلوی، مالکی حنبلی اور دیوبندی اہل حدیث کی تفریق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے ایمانی مرکز کا تحفظ کرے گی۔ اس حوالے سے سعودی حکومت کو پریشان نہیں ہونا چاہیے، نعوذباللہ کوئی ابرہا آیا تو اللہ تعالٰی کعبہ کی حفاظت کو ابابیل بھی بھیج دے گا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے حیرت کا اظہار کیا کہ 34 ممالک کے اتحاد کی بمباری سے یمن میں جنازے کے اجتماع اور جیل کمپلیکس پر حملے کی انسانی حقوق کی تنظیموں اور مذہبی جماعتوں نے مذمت تک نہیں کی۔
خبر کا کوڈ : 580002
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش