0
Saturday 4 Mar 2017 18:29

قیام امن کے بعد کراچی میں سرمایہ کاروں کیلئے نہایت موزوں حالات ہیں، گورنر سندھ

قیام امن کے بعد کراچی میں سرمایہ کاروں کیلئے نہایت موزوں حالات ہیں، گورنر سندھ
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے نہایت موزوں حالات ہیں، اس لئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار ملک کے معاشی حب کراچی کی استعداد سے فائدہ اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے کے ڈی سکیورٹیز کے زیر اہتمام دبئی میں پاکستان انوسٹمنٹ روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس دو روزہ کانفرنس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار حالات، خصوصا کراچی میں اس ضمن سازگار ماحول کے بارے میں سرمایہ کاروں کو آگاہی دینا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور اس سے استفادہ کرکے نہ صرف صنعتوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے بلکہ منافع بخش کاروبار کے ساتھ ساتھ روزگار کے نمایاں مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں جگہ دلانے کی لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور اس طرح کے روڈ شوز اس ضمن میں بے حد مددگار ثابت ہوں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سی پیک نہ صرف اس خطہ بلکہ پوری دینا کے لئے معاشی میدان میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صوبہ میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ سکیورٹی خدشات سے بے فکر ہوکر اپنے ترجیحی شعبہ میں سرمایہ کاری کرسکیں۔
خبر کا کوڈ : 614961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش