0
Friday 14 Apr 2017 21:46

مکمل الیکشن بائیکاٹ اور انتخابات کا رسوا کن انجام بھارت کیلئے نوشتہ دیوار ہے، آغا سید حسن

مکمل الیکشن بائیکاٹ اور انتخابات کا رسوا کن انجام بھارت کیلئے نوشتہ دیوار ہے، آغا سید حسن
اسلام ٹائمز۔ نام نہاد انتخابات کے دوران ضلع بڈگام میں قابض فورسز کی کھلی بربریت کے نتیجے میں جان بحق نوجوانوں کے لواحقین کو عقیدت کا خراج نذر کرنے اور اُن کے لواحقین سے تعزیت و یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے متحدہ مزاحمتی قیادت کے بڈگام چلو پروگرام پر حکومتی قدغن اور جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی خانہ نظربندی کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے حکومتی حربوں کو آمرانہ سوچ و اپروچ اور خون ناحق پر پردہ ڈالنے کو ناکام کوشش سے تعبیر کیا۔ ترجمان نے شدید ناکہ بندیوں، آغا حسن کی خانہ نظربندی اور رہائش گاہ پر قابض فورسز کے کڑے محاصرے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی خیمے کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندیوں سے حکومت عوام کے غم و غصے کو دبا نہیں سکتی اور نہ ہی خونی انتخابات اور انتخابات کے رسوا کن انجام کی خود ساختہ تاویل کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرسکتی ہے۔

اس دوران آغا سید حسن نے بڈگام چلو پروگرام پر حکومتی قدغن کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ نو اپریل کو جشن جمہوریت کے نام پر ضلع بڈگام میں قابض فورسز نے سیاسی اختلاف نظر کا مظاہرہ کرنے والے نہتے عوام پر جبر و قہر ڈھا کر جو خونی کھیل کھیلا اُس نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعوے داروں کی جمہوریت نوازی کی پول کھول کر رکھ دی۔ انہوں نے کہا کہ مقتولین کے لواحقین سے تعزیت پُرسی کے پروگرام پر قدغن لگانا حقوق بشر کی بدترین پامالی کا ثبوت ہے۔ آغا سید حسن نے کہا کہ عوام نے انتخابات کا تاریخ ساز بائیکاٹ کرکے تحریک آزادی کے ساتھ اپنی شعوری وابستگی کا مظاہرہ کرکے اپنے شہداء کو حقیقی معنوں میں خراج تحسین نذر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا یہ جذبۂ حریت اور مزاحمت بھارت کے لئے نوشتہ دیوار ہے۔ آغا سید حسن نے ضلع بڈگام کے اطراف و اکناف میں فورسز کی طرف سے نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس سے حکومت کی انتخابی ذلت آمیزی کے انتقام گیری سے تعبیر کیا۔
خبر کا کوڈ : 627666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش