0
Monday 19 Jun 2017 10:04

وطن سے اپنائیت انسان کے ضمیر اور لہو میں شامل ہوتی ہے، علماء کرام

وطن سے اپنائیت انسان کے ضمیر اور لہو میں شامل ہوتی ہے، علماء کرام
اسلام ٹائمز۔ نجی ٹی وی کی خصوصی رمضان ٹرانسمیشن کے پروگرام ”اسلام اور میری زندگی“ بعنوان ”وطن سے محبت“ کے موضوع پر متحدہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سید ضیاءاللہ بخاری، تحفظ ناموس رسالت محاذ کے رہنما علامہ عبداللہ ثاقب، شیعہ شہریان پاکستان کے کنوئینر سید وقارالحسنین نقوی، تنظیم اتحاد امت پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مفتی ابوبکراعوان نے اجتماعی فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام وطن سے محبت کی دوٹوک بات کرتا ہے اور وطن سے محبت کو ایمان کا درجہ دیا گیا ہے، اس لئے ہر مسلمان کیلئے لازم ہے کہ وہ جس ملک کا باشندہ ہو اس ملک سے ٹوٹ کر محبت کرے اور اس پر کوئی کمپرومائز نہ کرے۔ وطن عزیز پاکستان لاکھوں قربانیوں کے بعد اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا۔ اس لئے یہ ضروری ہے کہ ہر پاکستانی اپنے وطن سے ہر لمحہ اور ہر سطح پر والہانہ محبت کا ثبوت دے، اس کے ایک ایک کونے کے تحفظ کیلئے مخالف قوت سے ٹکرا جائے۔

میزبان پروگرام محمد ضیاءالحق نقشبندی نے کہا کہ یہ حقیقت کسی تعارف کی محتاج نہیں کہ وطن سے اپنائیت انسان کے ضمیر اور لہو میں شامل ہوتی ہے، جو لوگ وطن سے بے وفائی کرتے ہیں تاریخ انہیں غداروں کے نام سے یاد کرتی ہے اور محب وطن لوگ ایسے عناصر پر لعنت بھیجتے ہیں، رسول کریم (ص) نے وطن کی محبت کو ایمان کا درجہ قرار دیا ہے۔ آپ (ص) جب مکہ سے ہجرت کرکے مدینہ تشریف لے گئے اور ایک اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی تاکہ معاشرہ کے ہر انسان کو انصاف ملتا ہے، بنیادی حقوق ملتے ہیں، کسی کیساتھ ناانصافی نہیں ہوتی تھی، ایک خوشحال معاشرہ قائم تھا، ایسے حالات میں بھی سرکار دوعالم (ص) اپنے آبائی وطن مکہ کو یاد کرتے تھے اور اس سے اپنی محبت کا اظہار فرماتے تھے، بحیثیت پاکستانی یہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم وطن کے مفادات، وطن کی محبت، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی پر کسی چیز یا کسی عمل کو ترجیح نہ دیں، یہی ہمارے انسان اور مسلمان ہونے کا تقاضا ہے۔
خبر کا کوڈ : 647107
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش