0
Monday 18 Apr 2011 00:26

سنی اتحاد کونسل کا 14 اگست کو کراچی سے اسلام آباد ٹرین مارچ اور انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

سنی اتحاد کونسل کا 14 اگست کو کراچی سے اسلام آباد ٹرین مارچ اور انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل نے دہشت گردی، مہنگائی اور مزارت اولیاء پر دھماکوں کے خلاف 14 اگست کو کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ کرنے، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے کنونشن کے علاوہ وکلا، ڈاکٹرز، اساتذہ، مزدوروں، خواتین، کسانوں اور طلبہ کے کنونشن بھی منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس بات کا اعلان سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ محمد فضل کریم نے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہونے والی تاریخی استحکام پاکستان سنی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس سے علامہ سید حسین الدین شاہ، حاجی حنیف طیب، صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی، علامہ سید ریاض حسین شاہ، ثروت اعجاز قادری، پیر افضل قادری، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، پیر سید محفوظ مشہدی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کے دوران 55 ممالک کے ایک ہزار سے زائد مفتیان اہلسنت کی طرف سے خودکش حملوں کے حرام ہونے کا اجتماعی فتوی بھی جاری کیا گیا، کانفرنس میں سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم پر لبیک یار سول اللہ کے نعرے کے سائے تلے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا گیا اور کانفرنس کے لاکھوں شرکاء سے صاحبزادہ فضل کریم نے دہشت گردوں کی مزاحمت کرنے، امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے اور پاکستان کو عظیم تر بنانے کی جدوجہد کرنے کا حلف بھی لیا۔
صاحبزادہ فضل کریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم حکمرانوں کو ملکی مسائل حل کرنے کے لئے  14 اگست کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں، اگر 14 اگست تک انداز حکمرانی اور طرز سیاست تبدیل نہ ہوا تو حکمرانوں سے نجات کے لئے فیصلہ کن تحریک شروع کر دیں گے، صاحبزادہ فضل کریم نے اپنے انقلابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے  کہا کہ سنی اتحاد کونسل استحصالی، طبقاتی اور جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کر کے انقلاب نظام مصطفٰی برپا کر کے دم لے گی، انہوں نے کہا کہ ہم برسراقتدار آ کر خواتین کے حقوق کا تحفظ کریں گے، مسئلہ کشمیر حل کریں گے، دہشت گردی اور موروثی سیاست کا خاتمہ کریں گے، اقلیتوں کو جائز مقام دیں گے، ظالموں کا راستہ روکیں گے اور مظلوموں کا ساتھ دیں گے، معاشی اور عدالتی انصاف فراہم کریں گے، قرضے معاف کروانے والوں کی جائیدادیں نیلام کریں گے، بے زمین لوگوں میں سرکاری زمینیں تقسیم کریں گے، بلوچستان کی عوام کا احساس محرومی ختم کریں گے، مسجدوں اور مدرسوں کو مورچے بنا کر انقلاب نظام مصطفٰی کی جدوجہد تیز کریں گے اور گولی کی بجائے بولی کی سیاست کو رواج دیں گے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ نظام مصطفی کے نفاذ سے ملک کے تمام مسائل حل ہوں گے، انہوں نے کہا کہ انقلاب نظام مصطفٰی کا راستہ روکا گیا تو خونی انقلاب آئے گا، صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ غلامان رسول کا راستہ روکنے والے سیاست کے فرعون عبرت کا نشان بننے کے لئے تیار ہو جائیں، انہوں نے کہا کہ ہم حکمرانوں سے اولیاء کے مزارت پر بہنے والے لہو کا حساب مانگتے ہیں، غربت، استحصال اور لادینیت سے پاک پاکستان ہماری منزل ہے، عالمی طاقتیں پاکتسان میں خونی کھیل بند کر دیں۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اس وقت اصل جہاد غربت، افلاس، مہنگائی، بے روزگاری، ظلم اور جبر کے خاتمے کی جدوجہد کرنا ہے، صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ وڈیروں، ظالموں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے نجات کے لئے محروم اور مظلوم متحد ہو جائیں، انہوں نے کہا کہ درود والے میدان میں آ گئے ہیں اب بارود والے بھاگ جائیں گے، صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان کو امریکہ کی کالونی بنانے والے حکمران ملک کے غدار اور امریکہ کے وفادار ہیں، صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اہلسنت اب کسی سیاست کار کے ہاتھ کی چھڑی اور جیب کی گھڑی نہیں بنیں گے، انہوں نے کہا کہ نظام مصطفٰی آئے گا تو نظام زر و ظلم ختم ہو گا اور سیاست و حکومت پر مخصوص خاندانوں کا قبضہ ختم ہو گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سیاست کے فرعونوں کی سیاست کا سورج غروب ہونے والا ہے، لیڈر خوشحال اور ملک بدحال ہو گیا ہے، پاکستان میں امریکی وائٹ ہاﺅس کا حکم نہیں چلنے دیں گے، انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل بے زمین لوگوں میں سرکاری زمینیں تقسیم کرے گی اور غریب اور متوسط طبقے کو اپنی طاقت بنائے گی، انہوں نے سیاست سے لاتعلق محب وطن طبقے سے اپیل کی کہ وہ خاموشی توڑیں اور پاکستان بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ پاکستان بنانے والے علماء و مشائخ کے فکری وارثین پاکستان بچانے کے لئے میدان میں آ گئے ہیں، غلامی رسول میں جینے مرنے کا عہد کرنے والے اہل حق لوٹوں اور نوٹوں کی سیاست دفن کر دیں گے، انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرے گی اور امیر اور غریب کے لئے یکساں نظام تعلیم رائج کرے گی، حاجی حنیف طیب نے کہا کہ وہ وقت قریب ہے جب ایوانوں میں یارسول اللہ کے نعرے گونجیں گے۔ علامہ سید ریاض حسین نے کہا کہ انقلاب نظام مصطفٰی پاکستان کا مقدر ہے، انہوں نے کہا کہ لسانی اور علاقائی تعصبات کے خاتمے کے لئے پاکستانیت کے جذبوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، سیدریاض حسین شاہ نے کہا کہ تھرڈ ورلڈ وار پاکستان میں لڑی جا رہی ہے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مزارات اولیاء پر دھماکے کرنے والے امریکہ کے ایجنٹ اور فرقہ پرست جنونی ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت مزارات اولیاء کا تحفظ نہیں کر سکتی تو مزارت اہلسنت کے حوالے کر دیں، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ موجودہ حکمران اور پاکستان زیادہ دیر ایک ساتھ نہیں چل سکتے، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی سے نکلنا ہو گا، ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ حکمران دہشت گردوں کو آکسیجن دینا بند کر دیں۔ پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ لبرل فاشسٹ دین کا مذاق اڑانے سے باز آ جائیں، انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی ممالک امریکہ اور مغرب کو تیل کی سپلائی بند کر دیں تو اسلام، پیغمبر اسلام اور قرآن کی گستاخیاں بند ہو جائیں گی۔
صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے کہا کہ مسلم حکمران امریکہ کی ایجنٹی چھوڑ دیں اور عالمی سطح پر متحدہ مسلم بلاک تشکیل دے کر اسلامی اقوام متحدہ کا اعلان کریں۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ امریکہ کی ظالمانہ پالیسیوں کی وجہ سے انتہا پسندی کو فروغ مل رہا ہے، پیر سید محفوظ مشہدی نے کہا کہ نظام مصطفٰی کے راستے کی ہر رکاوٹ کو پاش پاش کر دیں گے، پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی نے کہا کہ انگریزوں سے وفاداری کے عوض جاگیریں حاصل کرنے والے معاشرے کے ناسور ہیں۔
خبر کا کوڈ : 65960
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش