0
Friday 22 Sep 2017 22:24

علماء اور عوام ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں، مولانا عبدالخبیر آزاد

علماء اور عوام ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں، مولانا عبدالخبیر آزاد
اسلام ٹائمز۔ خطیب امام بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان جس نازک حالات سے گزر رہا ہے اور ملک کو بہت سے خطرات لاحق ہیں ان حالات میں محرم الحرام کی آمد پر ملک میں امن وامان کا قیام انتہائی ناگزیر ہے، حکومت و انتظامیہ کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مذہبی رہنما اور عوام الناس پر دینی، ملی وقومی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آپس میں متحد ہو کر اسلام، وطن اور امن و سلامتی کے دشمنوں، تخریب کاروں پر کڑی نگاہ رکھیں اور ملک وقوم دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، اس موقع پر ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب الحاج شفقت حسنین بھٹہ، مولانا مسعود قاسم قاسمی، سید نوبہار شاہ، مولانا منظور اسد، علامہ خالد محمود ندیم، محمد ایوب مغل، مولانا محمد خان لغاری، علامہ اصغر عارف چشتی، سید طالب حسین پرواز، مولانا آصف، علامہ عبد الخالق بھی موجود تھے۔ خطیب بادشاہی مسجد و چیئرمین اتحاد بین المسلمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام امن اور محبت کی فضا قائم کرنے کا درس دیتا ہے ملک میں قیام امن کیلئے معاشرے کے تمام مسالک صبر و تحمل، اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کی فضا قائم کریں اور ملک پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خانیوال میں امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال، اسسٹنٹ کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی سمیت ممبران کمیٹی مولانا فتح محمد حامدی، شیخ ذوالفقار علی رضوی، میر بابر علی، مولانا عباس اختر، قاری سیف اللہ عابد سمیت دیگر تمام مسالک کے علمائے کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک تمام علمائے کرام اور ممبران امن کمیٹی نے فرقہ ورانہ نفرتوں کا خاتمہ کر کے بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کا عزم کیا۔
خبر کا کوڈ : 671128
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش