0
Monday 25 Apr 2011 18:25

امریکی ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، پروفیسر محمد ابراھیم

امریکی ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، پروفیسر محمد ابراھیم
خار،باجوڑایجنسی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختون خواہ کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت قبائلی علاقوں میں ایف سی آر میں اصلاحات کا جلد از جلد نفاذ ممکن بنائے، انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی پسماندگی، جہالت اور عسکریت پسندی کی بنیادی وجہ فرنیٹر کرائمز ریگولیشن اور پولیٹکل حکام کے غیر انسانی سلوک ہیں۔ اتوار کے روز خار میں مدرسہ احیاء العلوم میں جماعت اسلامی باجوڑ ایجنسی کے زیراہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ پاکستان پر امریکی ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور انسانی حقو ق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور بقول ان کے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ہونے والے ڈرون حملوں میں سینکڑوں بے گناہ افراد مارے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار بری طرح خراب ہو رہا ہے۔ انھون نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی غلط خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہیں۔
پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ایف سی آر کے نظام اور پولیٹکل حکام کے عوام کے ساتھ ناروا سلو ک کی وجہ سے 80 لاکھ قبائلی عوام انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہیں اور جب تک قبائلی علاقوں میں اصلاحات کا نفاذ نہیں ہوتا اس وقت تک قبائلی عوام کی مشکلات حل نہیں ہوسکتیں۔ انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی پسماندگی، جہالت اور عسکریت پسندی کی بنیادی وجہ ایف سی آر اور پولیٹکل حکام کا غیر انسانی سلو ک ہیں۔
کنوینشن سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کےسنیئر رہنماوں منصف خان، جماعت اسلامی قبائلی علاقہ جات کے نائب امیر سردار خان، جماعت اسلامی باجوڑ ایجنسی کے امیر مولانا وحید گل، پروفیسر عبدالرقیب اور مولانا عبد المجید نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے حکومت سے باجوڑ ایجنسی میں فوجی آپریشن کے دوران تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو مالی معاوضوں کی فوری فراہمی، ایجنسی میں موبائل سروسز شروع کرنے اور بے جا چیک پوسٹوں کے خاتمہ کا مطالبہ کیا۔
مقررین نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ایف سی آر میں اصلاحات پر تمام سیاسی جماعتوں میں مکمل اتفاق پایا جاتا ہے، چنانچہ حکومت کو چاہیے کہ قبائلی علاقوں میں فوری طور پراصلاحات نفاذ کر کے قبائلی عوام کو ملک کے دیگر شہریوں جیسے بنیادی انسانی حقوق دی جائیں۔ کنوینشن میں ایک قرار داد کے ذریعہ حکومت سے قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملے بند کرنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔ قرار داد میں کہا گیا کہ حکومت امریکی ڈرون طیاروں کو گرانے کے لیے اقدامات کریں، تاکہ عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 67803
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش