0
Thursday 30 Nov 2017 23:55

خیرپور، جشن عید میلادالنبیؐ کے جلوس پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے 3 افراد شہید، 9 زخمی

خیرپور، جشن عید میلادالنبیؐ کے جلوس پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے 3 افراد شہید، 9 زخمی
اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں بارہ ربیع الاول جشن عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے نکالے گئے جلوس پر کالعدم اہلسنت والجماعت (کالعدم سپاہ صحابہ) کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے بریلوی اہلسنت مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے 3 افراد شہید اور 9 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور کے علاقے حسین آباد میں جان بریرا کے مقام پر عید میلادالنبی کے جلوس پر کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کی شناخت ذوالفقار بریرو، مشتاق احمد اور عبدالطیف کے نام سے کی گئی، جن کا تعلق بریلوی اہلسنت مکتب فکر ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا، جبکہ زخمیوں کو خیرپور کے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس خیرپور سے رپورٹ طلب کرلی۔ خیال رہے کہ اس مقام پر جشن عید میلادالنبیؐ کا جلوس ہر سال نکالا جاتا ہے۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حسین آباد کے علاقے میں پولیس موجود ہے اور ہم صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، جمعے کے روز عید میلاد النبیؐ کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا رہا ہے، پولیس حکام کی جانب سے خیرپور واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا رہا ہے اور پولیس حکام تحقیقات کر رہے ہیں کہ کہیں اس کے پیچھے کسی کالعدم دہشتگرد تنظیم کا ہاتھ تو نہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو جلد پکڑا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایس پی خیرپور اظفر مہیسر نے نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور اس بات کی تصدیق کی جاچکی ہے کہ یہ حملہ یک طرفہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ ریلی نکالی جا رہی تھی تو کئی لوگوں نے اس جلوس کو روکنے کی کوشش کی تھی، تاہم ان دونوں گروہوں کے درمیان تلخ کلامی سامنے آئی، جس کے بعد فوراً بعد ریلی پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوگیا۔ کوٹ ڈیجی پولیس کے مطابق حملے میں ملوث 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ایس ایس پی خیرپور کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد میں سے کچھ پولیس کو پہلے ہی قتل کے مقدمے میں مطلوب تھے۔ انہوں نے بتایا کہ 9 ایم ایم پستول کے 10 خول اور ایک مشین گن کا خول واقعے کے مقام سے برآمد کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 686865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش